اسلام آباد (آئی پی ایس )بنگلا دیش کے اعلی سفارت کار کو دھمکی آمیزخط موصول پر وفاقی دارالحکومت کی پولیس نے واقعے کی ایف آئی آر درج کرکے معاملے کی تحقیقات شروع کردیں۔اسلام آباد میں بنگلا دیشی اعلی سفارت کار کو دھمکی آمیز خط موصول ہونے کے معاملے کا مقدمہ تھانہ کوہسار میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق سفارت کار نے بتایا کہ بعض نامعلوم افراد پیچھا کرکے نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں، انہوں نے مزید بتایا کہ پیچھا کرنے والے افراد نے سفارت کار کی تصاویر بھی کھینچیں۔
واضح رہے یہ معاملہ ایسے وقت میں سا منے آیا ہے جب کہ گزشتہ روز ہی ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا تھا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحق ڈار نے غیر ملکی سفراکو مکمل سیکیورٹی کا یقین دلایا ہے۔ ممتاز زہرا بلوچ نے مطالبہ کیا تھا کہ بھارت اپنے ملک میں بنگلا دیشی سفیر اور سفارتی مشن کی سیکیورٹی کو یقینی بنائے، میزبان ملک کی ذمے داری ہوتی ہے کہ سفارت کاروں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرے۔
