Sunday, December 8, 2024
ہوماسلام آبادپولیس کانسٹیبل کے قتل میں عمران خان سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنما نامزد

پولیس کانسٹیبل کے قتل میں عمران خان سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنما نامزد

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے احتجاج کے دوران ہکلہ انٹرچینج کے قریب پولیس کانسٹیبل مبشرحسن کے قتل کا مقدمہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں کے خلاف ٹیکسلا تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق مقدمے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان، عمر امین گنڈاپور، سالار خان کاکڑ اور شاہد خٹک کو ملزم نامزد کیا گیا ہے جب کہ مقدمے میں انسداد دہشتگردی ایکٹ سمیت 14 دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق حملہ آور مسلح ملزمان نے پولیس اہلکاروں پر ڈنڈوں اور پتھروں سے حملہ کیا اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شیلنگ کی، جس کے باعث پولیس منتشر ہوئی لیکن اس دوران ملزمان کانسٹیبل مبشر حسن کو زخمی حالت میں اغوا کر کے لے گئے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ملزمان کے حملے میں کانسٹیبل عدنان، رئیس اور نعیم بھی زخمی ہوئے، بعد میں اطلاع ملی کہ ملزمان زخمی کانسٹیبل مبشر حسن کو ہکلہ پل کے نیچے پھینک کر فرار ہو گئے ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق کانسٹیبل مبشر حسن کو اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے، مظفرگڑھ سے تعلق رکھنے والے 46 سالہ پولیس کانسٹیبل مبشر حسن کے 2 بیٹیوں سمیت 3 بچے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔