اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ویڈیو بیان پر ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے بعد ملتان، لیہ اور گوجرانولہ میں بھی مقدمات درج کرلیے گئے۔
ملتان میں بشریٰ بی بی کے خلاف تھانہ قطب پور میں شہری عمیر مقصود کی درخواست پر مقدمہ درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق بشریٰ بی بی نے سعودی عرب اور سابق جنرل باجوہ پر الزامات عائد کرتے ہوئے مذہبی منافرت پھیلانے کی کوشش کی۔
لیہ میں تھانہ سٹی میں بشریٰ بی بی کے خلاف مقدمہ محلہ عید گاہ کے رہائشی کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔
مقدمہ ٹیلی گراف ایکٹ 1885 کی شق 29 کے تحت درج کیا گیا۔ مقدمہ بشریٰ بی بی کے حالیہ سعودی حکومت کے حوالے سے بیان پر درج کیا گیا۔
اس کے علاوہ ڈی جی خان اور گوجرانوالہ میں بھی بشریٰ بی بی کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
پولیس کا کہناہے کہ ملزمہ کے خلاف دفعہ 126 ٹیلی گراف ایکٹ اور دیگر قوانین کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بشریٰ بی بی نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا تھاکہ عمران خان جب مدینہ ننگے پاؤں گئے اور واپس آئے توباجوہ (سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ) کو کالز آنا شروع ہوگئیں، باجوہ کو کہا گیا کہ یہ آپ کس شخص کو لے کر آئے ہیں، ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہئیں۔
بشریٰ بی بی کے مطابق باجوہ کو کہا گیا ہم تو ملک میں شریعت ختم کرنے لگے ہیں اور آپ ایسے شخص کو لےکر آئے،کہا گیا ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہئیں تب سے ہمارے خلاف گند ڈالنا شروع کردیا گیا، میرے خلاف گند ڈالا گیا ، بانی پی ٹی آئی کو یہودی ایجنٹ کہنا شروع کیا گیا۔
ویڈیو بیان کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے بھی پی ٹی آئی قیادت کی تشویش پر اہلیہ بشریٰ بی بی کو سیاست سے دور رہنے کا حکم دیا۔
ویڈیو بیان کا معاملہ: بشریٰ بی بی کیخلاف ملتان، لیہ اور گوجرانولہ میں بھی مقدمات درج
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔