پشاور(آئی پی ایس ) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے صوبائی انتظامیہ اور پولیس کو انتباہی خط لکھ دیا ہے۔چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے آئی جی خیبرپختونخوا، صوبائی سیکرٹریز ، کمشنرز اور پولیس افسران کو خط لکھا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پولیس اور انتظامی افسران سیاسی قیادت کے صرف وہ احکامات مانیں، جو آئینی دائرے میں ہوں،کسی سیاسی جماعت کے غیر قانونی احکامات پرتعاون کرنے کے نتائج ہوں گے، افسران کسی دباو یا لالچ میں سرکاری وسائل، اثاثوں، یا اختیارات کا غلط استعمال نہ کریں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ تمام افسران پیشہ وارانہ ضابطہ اخلاق کی پاپندی کریں۔ قانون کو بغیرکسی خوف، حمایت یا تعصب کے برقرار رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح کا پاکستان کے لیے وژن ہماری رہنمائی کی روشنی ہے۔ قائد اعظم نے فرمایا تھا کہ غیر سیاسی، غیر جانبدار رہنا، ثابت قدمی سے قانون کی حکمرانی کے لیے پرعزم رہنا۔ عوامی اعتماد کے رکھوالوں کے طور پر ہم اس کے پابند ہیں۔
چیف سیکرٹری نے انتباہ کیا ہے کہ سیاسی منظر نامے سے قطع نظر غیر جانبداری سے اپنے فرائض سرانجام دیں۔ ہمارا حلف آئین اور ریاست کے لیے ہے ،کسی سیاسی جماعت یا لیڈر کے لیے نہیں۔ آپ کو کسی سے متاثر نہیں ہونا چاہیے، کسی بھی سیاسی جماعت یا فرد کے دباو میں نہیں آناچاہیے۔
چیف سیکرٹری نے افسران کے نام خط میں کہا ہے کہ آپ نے بے خوف ہوکر اپنی ساکھ، اپنے وقار کو برقرار رکھنا ہے۔ سرکاری وسائل، اثاثوں، یا اختیار کا غلط استعمال کسی دبا یا لالچ میں نہ کریں ۔ سرکاری حکام غیر سیاسی رہ کرآئین کی حکمرانی کی ذمہ داریاں نبھائیں۔ کوئی بھی سرکاری املاک، سامان اور اتھارٹی کے استعمال پر دبا وقبول نہ کرے۔ خط میں ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت کی ڈائریکٹ یا ان ڈائریکٹ سپورٹ نہ کی جائے۔ ایسے اقدامات سے بحیثیت پبلک سرونٹ ہمارا احترام بڑھے گا۔ احکامات نہ ماننے پر کار روائی کی جائے گی۔
چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کی پولیس سمیت تمام اداروں کوسیاسی سرگرمیوں سے دور رہنے کی ہدایت
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔