Monday, December 9, 2024
ہومپاکستانوزیراعظم شہباز شریف کا شوگر ملوں اور شوگر ڈیلرز کی کیمروں سے نگرانی کرنے کا فیصلہ

وزیراعظم شہباز شریف کا شوگر ملوں اور شوگر ڈیلرز کی کیمروں سے نگرانی کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (آئی پی ایس )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شوگر ملوں اور شوگر ڈیلرز کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ایف بی آر، ایف آئی اے اور آئی بی کو چینی کی فروخت پر ٹیکس چوری، غیر دستاویزی سیلز اور قیمتوں میں اضافے کی روک تھام کیلئے مشترکہ کارروائی کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ایف بی آر، آئی بی اور ایف آئی اے شوگر سیکٹر میں سیلز ٹیکس کی چوری کے سدباب کو یقینی بنائیں۔ وزیراعظم کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا کہ شوگر کرشنگ سیزن شروع ہو رہا ہے، شوگر ملوں اور ڈیلرز سے جی ایس ٹی کی 100فیصد وصولی کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم کی جانب سے شوگر ملوں میں کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے تاکہ چینی کی ذخیرہ اندوزی نہ ہو سکے اور قیمتوں میں توازن رہے۔مراسلے کے مطابق ٹیکس چوری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث شوگر ملز مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ کیمروں کے ذریعے شوگر ملوں کے پیداواری عمل اور ذخیرہ اندوزی پر نظر رکھی جائے گی اور سیلز ٹیکس کی ادائیگی یقینی بنائی جائے گی۔وزیراعظم کا کہنا ہے کہ چینی کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے شوگر سٹہ مافیا کے خلاف بھی سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔اس کے علاوہ اسٹیل، سگریٹ، سیمنٹ اور مشروبات سمیت دیگر شعبوں میں بھی اسی طرح کے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔