راولپنڈی(آئی پی ایس) سانحہ 9 مئی کے جی ایچ کیو حملہ کیس میں آج عمران خان سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں پر فرد جرم عائد ہونے کا امکان ہے، عدالت نے 125 افراد کو آج طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق عدالتی حکم پر تفتیشی ٹیم آج جی ایچ کیو حملہ مقدمہ کی سازش مجرمانہ کا انسپکشن نوٹ عدالت میں پیش کرے گی۔ گزشتہ تاریخ پر سازش مجرمانہ الزام کا انسپکشن نوٹ پیش نہ ہونے پر فرد جرم کی کارروائی موخر ہوگئی تھی۔ مقدمے کی سماعت ضلع کچہری انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوگی۔
وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو بھی فرد جرم کیلئے عدالت طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا ہے، فرد جرم کیلئے شبلی فراز، عمر ایوب خان، شیخ رشید احمد، زرتاج گل کو بھی بلایا گیا ہے جب کہ گزشتہ تاریخ پر غیر حاضر 21 کارکنان ملزمان کے بھی طلبی نوٹس جاری کیے گئے ہیں، مجموعی طور پر مقدمے کے 125 ملزمان نامزد ہیں اور سب کو آج طلب کیا گیا ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے شیخ رشید احمد کی عدم ثبوت پر بریت کی درخواست پر بھی آج فیصلہ متوقع ہے، ملزمہ شیریں مزاری، امجد نیازی نے بھی بریت کی درخواستیں دائر کی ہوئی ہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کی وکلاء ٹیم نے فرد جرم کی کارروائی ٹالنے کے لیے تین متفرق درخواستیں تیار کرلیں، انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ صبح 9 بجے سماعت کریں گے، مقدمہ کے 20 ملزمان شاہ محمود قریشی، علی امین گنڈاپور وغیرہ کو تاحال نقول تقسیم نہ ہوسکیں، عدالت نے تفتیشی ٹیم سے بقیہ ملزمان کے لیے بھی چالان کی نقول طلب کرلیں۔