لاہور(آئی پی ایس )انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے سے متعلق پی سی بی کو آگاہ کردیا ہے جس کے بعد حکومت پاکستان نے غور کرنا شروع کردیا ہے کہ اگر بھارت چیمپئنز ٹرافی کے لئے پاکستان نہیں آئے گا تو پاکستان آئندہ کبھی بھارت کے ساتھ کوئی میچ نہیں کھیلے گا۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے بھارت کے چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان نہ آنے کے فیصلے سے پی سی بی کو باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے جس پر حکومت پاکستان نے بھارت کو بھرپور جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے اپنے موقف پر ڈٹا رہے گا اور ہائبرڈ ماڈل کیخلاف خطرناک حد تک جائے گا۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق آئی سی سی پر زور دیا جائے گا کہ چیمپئنز ٹرافی کا پورا ایونٹ پاکستان میں ہی ہو۔ذرائع کے مطابق پاکستان نے بھارتی ہٹ دھرمی کا ہر فارم پر مقابلہ کرنے اور اپنے موقف پر ڈٹ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق حکومت نے سخت مقف اپنایا ہے کہ اگر بھارت نے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت سے انکار کیا تو پاکستان آئندہ کبھی ان کے ساتھ میچ نہیں کھیلے گی اور پاک بھارت تعلقات کی بہتری تک کسی بھی ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم انڈیا کے مدمقابل نہیں آئے گی۔
حکومت کا سخت موقف ہے کہ پاکستان کی ٹیم ہمیشہ بھارت بھیجی اچھا تاثر دیا لیکن بھارت ہمیشہ سیاست کو شامل کرتی ہے۔حکومتی ذرائع کا موقف ہے کہ اسٹیڈیم بن رہے ہیں سکیورٹی اچھی ہے بھارت کے پاس کوئی جواز نہیں کہ وہ نہ آئیں،حکومتی ذرائع کا یہ بھی موقف ہے کہ اگر بھارت نہیں آئے گا تو ریونیو نقصان ہمیں ہوگا لیکن جب ہم بھارت سے میچ نہیں کھیلیں گے تب نقصان ان کا بھی ہوگا۔دوسری طرف چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان آنے سے انکار پر پاکستان نے کھیلوں کے ہر فورم پر بھارت کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے بھارت کی اولمپکس بڈ کی بھی مخالفت کی جائے گی، بھارت 2036 میں اولمپکس کی میزبانی کا خواہشمند ہے۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے کھیلوں میں بھارتی رویے پر آئی او سی کو خط لکھنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے متعدد مرتبہ کھیلوں میں سیاست کو ملوث کیا، چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر حکومت پاکستان نے بھی سخت موقف اختیار کیا ہے۔
