نیویارک (سب نیوز )امریکی اخبار کی جانب سے دعوی کیا گیا ہے کہ ایران آئندہ چند گھنٹوں میں اسرائیل پر میزائل اور ڈرونز سے حملہ کرسکتا ہے۔امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اسرائیلی حکومت اور امریکی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ایران آئندہ چند گھنٹوں میں اسرائیل پر حملہ کرنے کے لیے تیار ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینئل ہیگارے کا کہنا ہے کہ امریکا نے ممکنہ ایرانی حملے سے متعلق اسرائیل کو آگاہ کیا ہے، اسرائیل اپنے حلیف ممالک کے ہمراہ انتہائی چوکس ہے۔اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ ایرانی حملے میں اسرائیل کی جانب ڈرونز اور میزائل داغے جاسکتے ہیں۔
اسرائیلی حکام کے مطابق ایرانی حملے میں تین اسرائیلی فضائی اڈوں اور تل ابیب کے قریب قائم انٹیلی جنس مرکز کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے، اسی لیے انٹیلی جنس مرکز کو پہلے ہی خالی کروایا جاچکا ہے۔خیال رہے کہ شام میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیلی حملے کے بعد اپریل میں ایران نے اسرائیل پر متعدد میزائلوں سے حملہ کیا تھا۔
جولائی میں ایرانی دارالحکومت میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد ایران میں اس حملے کا جواب دینے کے لیے دبا تھا تاہم ایران نے اب تک اس حملے کا جواب نہیں دیا۔ گزشتہ دنوں ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ امریکی اور یورپی حکام وعدے کررہے تھے کہ اگر ایران اسماعیل ہنیہ کی شہادت کا ردعمل نہیں دیتا تو جنگ بندی ہو جائے گی لیکن یہ سبھی وعدے جھوٹے تھے۔