اسلام آباد(سب نیوز) ملک بھر میں پاسپورٹ کا بیگ لاک ختم ہوگیا اور یوں فارن مشنز، آن لائن اور ہوم ڈیلیوری کے تمام کیسز نمٹا دیے گئے۔ڈی جی پاسپورٹ مصطفی جمال قاضی نے بتایا کہ اسلام آباد میں 14 ہزار 673 اور کراچی میں 83 ہزار 227 پاسپورٹس کا اجرا ہوا، لاہور گارڈن ٹاون سے 30 ہزار 848 اور رائے ونڈ سے 4 ہزار 872 کیسز نمٹائے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ شادمان سے 11 ہزار 490، کوئٹہ میں 7 ہزار 252، راولپنڈی میں 18 ہزار اور پشاور میں 23 ہزار 145 کیسز نمٹائے گئے۔واضح رہے کہ 13 اگست میں حکومت نے پاسپورٹ رولز میں ترمیم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ترمیم کے بعد پاسپورٹ کسی بھی شہر سے بنوایا جا سکے گا اور کسی بھی نیشنل بنک میں پاسپورٹس کی تمام کٹیگریز کی فیس جمع کرائی جا سکے گی۔
رولز میں ترمیم کی سمری وزارت داخلہ نے کابینہ کو بھجوا دی تھی جبکہ کابینہ کی منظوری کے بعد رولز میں ترمیم کر دی جائے گی اور ترمیم کے بعد شناختی کارڈ کے طرز پاسپورٹ بنایاجاسکے گا۔