Sunday, October 13, 2024
ہومتازہ ترینجبران الیاس کا ریاست مخالف بیانیہ، رؤف حسن کے ساتھ ہوشربا واٹس ایپ پیغامات سامنے آگئے

جبران الیاس کا ریاست مخالف بیانیہ، رؤف حسن کے ساتھ ہوشربا واٹس ایپ پیغامات سامنے آگئے


اسلام آباد:جبران الیاس کا ریاست مخالف بیانیہ بے نقاب ہو گیا، پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن کے ساتھ ہوشربا واٹس ایپ پیغامات سامنے آگئے۔
غیرملکی ایجنڈے پرکاربند جبران الیاس بیرونِ ملک سے پی ٹی آئی کا ریاست مخالف بیانیہ چلا رہا ہے، رؤف حسن کے ساتھ واٹس ایپ پیغامات نے سازش کا پول کھول دیا۔
سانحہ 9 مئی کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پرپروپیگنڈہ پھیلانے کےلئے جبران الیاس نے رؤف حسن کو واٹس ایپ پر ہدایات دیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دسمبر 2023 سے مئی 2024 تک تصاویر، ویڈیوز اور پیغامات کے ذریعے مختلف بیانیے جبران الیاس نے رؤف حسن کو بھیجے، جبران الیاس نے رؤف حسن کو پروپیگنڈے کے لئے 9 مئی سے متعلقہ فتنہ پھیلانے والی ویڈیوز اور ہیش ٹیگز بھی ارسال کیے۔
رواں سال یکم مئی کو جبران الیاس نے رؤف حسن کو ٹی وی چینلز کے اسکرین شاٹس بھیجے جس میں جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کے 9 مئی کے حوالے سے ریمارکس بھی شیئر کیے گئے۔
جبران الیاس نے رؤف حسن کو سوشل میڈیا پر چلائے گئے ٹرینڈز “مداخلت ہوتی ہے” اور “مئی 9 فالس فلیگ” بھی شئیر کیا، جبران الیاس کی جانب سے جسٹس منصورعلی شاہ کا بیان بھی پروپیگنڈے کے لئے شیئر کیا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ یہ کس قسم کی ریاست ہے کہ ہر وقت اس چیز کا ڈر لگا رہتا ہے کہ کوئی ہمیں دیکھ رہا ہے، کوئی ہمیں سن رہا ہے، کوئی ہماری ریکارڈنگ کر رہا ہے، کیمرے ہماری ویڈیو بنا رہے ہیں، کیا ریاست اس طرح چلائی جاتی ہے؟

جبران الیاس نے جھوٹے پروپیگنڈے کے لئے رؤف حسن کو واٹس ایپ پر ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے ایک گوگل ڈرائیو بنا لی ہے جس میں نو مئی سے متعلقہ فالس فلیگ آپریشنز کے تمام ڈیٹا محفوظ ہے جو استعمال کیا جا سکتا ہے کیونکہ 9 مئی 2024 قریب آرہا ہے۔
جبران الیاس نے شرپسندی کو مزید ہوا دیتے ہوئے رؤف حسن سے کہا کہ ٹیم، فالس فلیگ ہیش ٹیگ اب بھی ٹرینڈ کر رہا ہے، آئیے اسے آگے بڑھاتے رہیں۔
وجاہت سعید خان کے وی لاگ کے مطابق ” 9مئی کا فالس فلیگ main stream تک پہنچ گیا ہے” 7 مئی کو جبران الیاس نے پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم کی شرانگیزی کو سراہتے ہوئے رؤف حسن کو پیغام بھیجا کہ پچھلے سات دنوں کے دوران سب نے بہت اچھا کام کیا ہے، ایسا لگتا ہے کہ ہماری 9 مئی کی فالس فلیگ آپریشن کی مہم انتہائی مؤثر رہی ہے۔
جبران الیاس نے رؤف حسن کو ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس بریفنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے جو متوقع پریس کانفرنس 9 مئی کو آنی تھی وہ اب 7 مئی کو ہوئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ 14 مئی کے پیغام میں جبران الیاس نے رؤف حسن سے سوشل میڈیا پروپگینڈسٹ کے لیے تنخواہوں کا تقاضہ کیا جو اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے سوشل میڈیا پر زہریلا پراپیگنڈا باقاعدہ منظم منصوبے کے تحت پھیلایا جاتا ہے۔
جبران الیاس کا کہنا تھا کہ السلام علیکم رؤف صاحب، کیا آپ سوشل میڈیا والوں کی تنخواہیں جاری کرنے میں میری مدد کرسکتے ہیں، جب ان کی تنخواہیں روکی جاتی ہیں تو وہ بہت تذلیل محسوس کرتے ہیں۔
ذرائع اس بات کی تصدیق کررہے ہیں کہ جبران الیاس کی رؤف حسن کے ساتھ گفتگو سے واضح ہوتا ہے کہ جبران الیاس کا بیانیہ 9 مئی کی شرپسندی کے گرد گھومتا ہے۔
سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق مذکورہ بالا تمام واٹس ایپ پیغامات سے یہ بات واضح ہے کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا پر جبران الیاس کی مکمل گرفت ہے جو اس وقت غیر ملکی سرزمین پر بیٹھا ہے۔ جبران الیاس کے پس پردہ بھارتی اور صہیونی لابیز ہیں اور انہی کی ہدایات اور پالیسی کے مطابق یہ شخص سوشل میڈیا کو چلا رہا ہے۔
سیاسی تجزیہ نگارکا کہنا ہے کہ بیرونی ایما پر نو مئی سانحے کو متنازع بنانے کی پلاننگ میں جبران الیاس اور روف حسن کا اہم کردار ہے۔
سیاسی تجزیہ نگاروں نے ان پیغامات سے یہ بات اخذ کی ہے کہ عدلیہ میں ججز کے سیاسی کیسز میں دیے گئے ریمارکس کو بطور ریاست مخالف پروپگینڈا استعمال کیا جا رہا ہے۔ بیرون ملک بیٹھے ذرائع ابلاغ کے نام نہاد نمائندے بھی پی ٹی آئی کے ریاست مخالف بیانیہ کو پھیلانے میں مدد دے رہے ہیں۔
سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق جبران الیاس کا سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ کی تنخواہوں کا تقاضا کرنا اس بات کا کلیدی ثبوت ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ریاست مخالف بیانیہ پھیلانے کے لیے باقاعدہ فنڈنگ کی جا رہی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔