اسلام آباد (آئی پی ایس) پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان سیلاب سے تباہ حال علاقوں کی بحالی سے متعلق 720 ملین ڈالرز (72کروڑ ڈالرز) کے 2 منصوبوں پر دستخط ہوئے ہیں۔ بینک 400 کروڑ ڈالرز سندھ ایمرجنسی ہاؤسنگ ری کنسٹرکشن پراجیکٹ اور 320 کروڑ ڈالرز خیبرپختونخوا کے دیہی روڈز ڈویلپمنٹ منصوبے کے لیے دے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم اور صدر ایشیائی ترقیاتی بینک نے 400 ملین ڈالرز کے سندھ ایمرجنسی ہاؤسنگ ری کنسٹرکشن پراجیکٹ اور 320 ملین ڈالرز مالیت کے خیبرپختونخوا دیہی روڈز ڈیولپمنٹ پراجیکٹ کے حوالے سے مسودے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔
وزیراعظم نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کے موقع پر ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے 1.5 ارب ڈالرز سے زیادہ کی فراخدلانہ مدد کو سراہا اور زراعت سمیت ماحولیاتی لچک کے منصوبوں میں ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ کام کرنے کی پاکستان کی گہری خواہش کا اظہار کیا۔
صدر مساتسوگو آساکاوا نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ پاکستان کی طویل وابستگی کو سراہا اور جامع اصلاحات پر حکومت پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے پاکستان کے لیے بینک کی مسلسل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان میں انفراسٹرکچر کی ترقی، ماحولیاتی تبدیلی کے شعبے میں اور ادارہ جاتی اصلاحات میں تعاون بڑھانے کے بینک کے عزم کی تجدید کی۔