Monday, March 16, 2026
ہومکھیلیورو کپ: انگلینڈ کو شکست، اٹلی دوسری بار چیمپئن بن گیا

یورو کپ: انگلینڈ کو شکست، اٹلی دوسری بار چیمپئن بن گیا

لندن (آئی پی ایس )ایک سنسنی خیز مقابلے میں اٹلی، انگلینڈ کو پینالٹی شوٹ آوٹ میں دو کے مقابلے تین گول سے شکست دے کر یورو کپ چیمپئن بن گیا۔ میچ کے بعد مداحوں کے درمیان تشدد کے واقعے کے سلسلے میں 45 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔یورو کپ 2020 کا فائنل مقابلہ سنسنی خیز رہا۔ مقررہ وقت میں میچ ایک ایک گول سے برابر رہنے کے بعد فیصلہ کن بنانے کے لیے 30منٹ کا اضافی وقت دیا گیا لیکن اضافی وقت میں بھی کوئی ٹیم گول نہ کرسکی۔ اس کے بعد میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آوٹ سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور اس میں اٹلی نے انگلینڈ پر دو کے مقابلے تین گول سے شکست دے دی۔پنالٹی شوٹ آوٹ سے انگلینڈ کے خلاف اٹلی کی یہ دوسری کامیابی ہے۔ اس سے قبل اس نے 1968 میں انگلینڈ کو پنالٹی شوٹ سے ہرایا تھا۔ اس طرح اس مرتبہ بھی انگلینڈ کا چیمپئن بننے کا خواب پورا نہیں ہو سکا۔ 1966کے بعد پہلی مرتبہ انگلینڈ ایک بڑے فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچا تھا۔اتوار کی رات ہونے والے اس فائنل میچ کو دیکھنے کے لیے برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن، شہزاہ ولیم، کیٹ مڈلٹن بھی موجود تھے۔ جب کہ ہالی وڈ کے اداکار ٹام کروز اور شہرہ آفاق فٹ بالر ڈیوڈ بیکھم بھی اسٹیڈیم میں موجود تھے۔انگلینڈ نے میچ شروع ہوتے ہی اٹلی کے خلاف گول کرکے برتری حاصل کرلی تھی تاہم اٹلی کے لیونارڈو بنوچی نے کھیل کے 67 ویں منٹ میں گول کرکے مقابلے کو برابری پر لا دیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق مقررہ اور پھر 30منٹ کے اضافی وقت تک جب کوئی گول نہیں ہوسکا تو پنالٹی شوٹ آوٹ کا مرحلہ آیا۔ اس میں انگلینڈ کے تین سیاہ فام کھلاڑی اپنی پنالٹیز پر گول اسکور نہ کرسکے۔ ان میں بوکایوساکا، مارکوس ریش فورڈ اور جاڈون سانچو شامل ہیں۔اٹلی کے ہاتھوں شکست کے بعد انگلینڈ کے مذکورہ تینوں سیاہ فام کھلاڑیوں کو نسلی تعصب پر مبنی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ سوشل میڈیا پر ان کے خلاف ‘نسل پرستانہ اور توہین آمیز پیغامات پوسٹ کیے گئے۔انگلش فٹبال ایسوسی ایشن نے اس حرکت کے خلاف مذمتی بیان جاری کیا ہے۔ اس نے اپنے بیان میں کہا کہ انہیں ان کھلاڑیوں کے خلاف استعمال کی جانے والی زبان سے ‘شدید رنج پہنچا ہے۔پیر کے روز برطانوی پولیس کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق اٹلی اور انگلینڈ کے درمیان فائنل میچ کے بعد ویمبلے اسٹیڈیم کے قریب موجود مداحوں میں ہاتھا پائی ہوگئی۔ان واقعات میں 19پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ پولیس نے 45 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔فائنل میں اٹلی کی فتح پر برطانوی شاہی خاندان کے رکن شہزاہ ولیم نے اطالوی ٹیم کو مبارک باد دی۔ انہوں نے برطانوی کھلاڑیوں کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی کوشش پر ‘فخر ہونا چاہئے۔یورو کپ 2020 میں کامیابی کے بعد اٹلی میں مداحوں کا جشن جاری ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔