اسلام آباد(سب نیوز ) وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں رسک اینالسز یونٹ اور تھرڈ لائن ٹیکنیکل فرانزک لیب کا افتتاح کردیا گیا، جس کا قیام یورپی یونین اور آسڑیا کی مالی معاونت سے عمل میں لایا گیا۔ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر نے رسک اینالسز یونٹ اور تھرڈ لائن ٹیکنیکل لیب کا افتتاح کیا اور رسک اینالسز یونٹ اور ٹیکنیکل لیب میں رکھے گئے آلات کا معائنہ کیا۔
ایف ائی اے امیگریشن ونگ نے اپنے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں رسک اینالسز یونٹ اور تھرڈ لائن ٹیکنیکل فرانزک لیب کے قیام سے بارڈر کنٹرول اینڈ رسک مینجمنٹ میں بہتری کے لیے اہم پیش رفت کی ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ فرانزک لیب کا قیام ڈینش وزارت خارجہ اور رسک اینالسز یونٹ کا قیام یورپی یونین اور آسٹریا کی مالی معاونت سے عمل میں لایا گیا اور فرانزک لیب اور رسک اینالسز یونٹ کو آئی سی ایم پی ڈی نے مکمل کیا ہے۔اس حوالے سے بتایا گیا کہ آئی سی ایم پی ڈی کے تعاون سے اسلام آباد، لاہور، کراچی، ملتان اور پشاور ایئر پورٹ پر سیکنڈ لائن اور ہیڈکوارٹرز میں تھرڈ لائن بارڈر کنٹرول نظام نصب کیا گیا ہے۔
اس نئے نظام کا مقصد بارڈر کنٹرول کو مزید مضبوط اور مثر بنانا ہے تاکہ غیر قانونی ہجرت کو روکا جا سکے۔ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز میں رسک اینالیسز یونٹ کا قیام بھی عمل میں لایا گیا جو انٹیلی جنس پر مبنی بارڈر مینجمنٹ کی طرف ایک انقلابی قدم ہے، اس یونٹ کا مقصد ڈیٹا پر مبنی پالیسی سازی، خطرات کی بہتر تفہیم، وسائل کی مثر تقسیم اور بدلتے ہوئے چیلنجوں کے مطابق فوری ردعمل دینا ہے۔
اس موقع پر ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ تقریب میں ڈی جی ایف آئی اے کے علاوہ ڈاکٹر سباسٹین لوریون، ٹیم لیڈ، گورننس اور ہیومن کیپیٹل ڈیولپمنٹ ای یو ڈی، آئی سی ایم پی ڈی کی سلک روٹس کے لیے ریجن کی سربراہ ماریجا راس، پاکستان میں ڈنمارک کے سفارت خانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن پیٹر ایمل نیلسن اور پاکستان میں آسٹریا کے سفارت خانے کے ناظم الامور ہانس میچور سمیت ایف آئی اے کے اعلی عہدیداران نے بھی شرکت کی۔
ڈی جی ایف اے احمد اسحاق جہانگیر نے تقریب سے خطاب کے دوران رسک اینالسز یونٹ اور تھری لائنز بارڈر کنٹرول کانسپٹ کے قیام میں تعاون کے لیے بین الاقوامی برادری کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہناتھا کہ غیر قانونی ہجرت پاکستان کے لیے اقتصادی، سماجی اور سیاسی مسائل کا باعث بن رہی ہے، غیر قانونی ہجرت نے ریاست کے لیے لیبر مارکیٹ میں خلل پیدا کیا ہے اور بارڈر کنٹرول کے اخراجات میں بھی اضافہ کیا ہے، یہ مسئلہ صرف تعاون اور مشترکہ کوششوں سے حل کیا جا سکتا ہے۔
ڈی جی ایف آئی اے نے بارڈر کنٹرول انفرا اسٹرکچر بہتر بنانے کے لیے آئی سی ایم پی ڈی اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ ان کوششوں کو برقرار رکھنے کے لیے مسلسل تربیت، جدت اور مضبوط بین الاقوامی شراکت داری کی ضرورت ہے۔ تقریب سے ڈاکٹر سباسٹین لوریون سمیت دیگر عہدیداروں نے بھی خطاب کیا۔