ہومپاکستانآزاد کشمیر الیکشن میں بچے ابووئوں کی کرپشن بچانے نکلے ہیں،فواد چوہدری

آزاد کشمیر الیکشن میں بچے ابووئوں کی کرپشن بچانے نکلے ہیں،فواد چوہدری

ایبٹ آباد،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر الیکشن میں دو بچے اپنے ابووئوں کی کرپشن بچانے نکلے ہیں، بلاول اور مریم نواز کو کشمیر کی تاریخ کا پتا ہی نہیں، جنہوں نے کبھی اپنے ہاتھ سے ایک روپیہ تک نہیں کمایا وہ ملکی معیشت کیا چلائیں گے، ن لیگ اور پی پی پی میں بادشاہت کا کلچر ہے، ن لیگ جب اقتدار چھوڑ کر گئی تو ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا، آج پاکستان اپنے پائوں پر کھڑا ہے، ہم نے تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی بجٹ پیش کیا، ہم نے پاکستان کو ایک نئی منزل سے روشناس کرانا ہے، انشااللہ آزاد کشمیر میں بھی تحریک انصاف کی حکومت ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم نے قوم کو ایک نئی منزل سے روشناس کرانا ہے، عمران خان نے پہلے پاکستان میں ان بتوں کو توڑا، پھر گلگت بلتستان میں انہیں شکست دی، اب انشااللہ کشمیر بھی پاکستان تحریک انصاف کا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر الیکشن مہم چل رہی ہے، اس سے قبل گلگت بلتستان میں مریم نواز اور بلاول بھٹو الیکشن مہم چلاتے رہے لیکن جب یہ تقریریں کر کے تھک کر ہلکان ہو گئے تو انہیں پتہ چلا کہ ان کے تو امیدوار ہی پورے نہیں تھے، کشمیر میں بھی یہی کچھ ہو رہا ہے، مریم نواز اور بلاول بھٹو تقریریں تو کر رہے ہیں لیکن ان دونوں کو کشمیر کی تاریخ کا پتہ ہی نہیں، یہ نہیں جانتے کہ کشمیر کے ساتھ پاکستان کے لوگوں کی وابستگی کیا ہے، مریم نواز وہی ہیں جن کے گھر شادی کی تقریب میں مودی بھنگڑے ڈال رہے تھے، بلاول اور مریم کو کیا پتہ کہ پاکستان کے لوگوں نے کشمیریوں کے لئے کیا قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کشمیریوں کے لئے تین جنگیں لڑی ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب ہمیں معلوم ہوا کہ پاکستان اور انگلینڈ کرکٹ سیریز کے میچ دکھانے کے رائٹس ایک ہندوستانی کمپنی کے پاس ہیں تو پاکستان کے عوام کی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے وفاقی کابینہ نے کہا کہ ہم ہندوستان کی کسی کمپنی کے ساتھ کوئی کاروبار کرنے کو تیار نہیں، ہم نے معاشی اور جان کی قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہلم، ایبٹ آباد اور ہزارہ میں تو کوئی ایسا قبرستان نہیں جہاں کسی شہید کی قبر نہ ہو، یہاں کوئی ایسا گائوں نہیں جہاں پر غازی نہ ہوں، ہم نے یہ تمام قربانیاں کشمیر کے عوام کے لئے دی ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ کشمیری عوام اور ہم لوگ ایک ہی خون کے لوگ ہیں، ہماری روح اور سوچ اکٹھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بچے کشمیر میں آج الیکشن مہم چلا رہے ہیں ان کی کیا حیثیت ہے؟ مریم نواز اور بلاول بھٹو کا ملک کے لئے کیا کردار ہے؟ انہوں نے کبھی خود ایک روپیہ اپنے ہاتھ سے کما کر نہیں کھایا، انہیں کیا پتہ کہ ملکی معیشت کو کیسے چلانا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ جب پیدا ہوئے تو ان کو پتہ چلا کہ ان کے والدین نے پاکستان کے لوگوں کی لہو پسینے کی کمائی لوٹ کر دنیا کے ہر بڑے شہر میں ایک ایک اپارٹمنٹ لے کر رکھا ہے، ان کے نام پر جائیدادیں بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام ان سے لوٹا ہوا پیسہ واپس لے کر رہیں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آصف زرداری اور نواز شریف کیوں جلسے نہیں کر پا رہے، اس لئے کہ ان پر مقدمات ہیں، وہ کیسز بھگت رہے ہیں اور بچے ابو بچائو مہم چلا رہے ہیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ہم نے عمران خان کی قیادت میں ان بتوں کو پاش پاش کیا ہے، ایسے مافیاز کو توڑا ہے جو جوڈیشری پر بھی بھاری تھے، ان تمام مخالفتوں کے ساتھ پاکستان کے اندر ایک تیسری پارٹی نے جنم لیا جو غریب عوام کی نمائندہ جماعت ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ن لیگ اور پی پی پی کو نہیں معلوم کہ لوگوں کے دکھ کیا ہیں، بلاول اور مریم نے زندگی میں کبھی پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر تک نہیں کیا، انہوں نے کیا معیشت بدلنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان جماعتوں میں بادشاہت کا کلچر ہے، دو دو سابقہ وزیراعظم مریم نواز اور بلاول کے سامنے ہاتھ باندھ کر کھڑے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نچلے طبقے اور غریب عوام کی بات کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طریقے سے نواز شریف حکومت چھوڑ کر گئے تھے ملک کا دیوالیہ ہو چکا تھا، آج پاکستان اپنے پائوں پر کھڑا ہے، آج ہم نے تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی بجٹ دیا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔