ہومپاکستانپنجاب میں کم آمدن والے لوگوں کیلئے اپنی چھت کا خواب پورا کرینگے، مریم نواز

پنجاب میں کم آمدن والے لوگوں کیلئے اپنی چھت کا خواب پورا کرینگے، مریم نواز

لاہور (آئی پی ایس )وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں کم آمدن والے لوگوں کے اپنی چھت کے خواب کو پورا کریں گے، عوام پر مالی بوجھ کم کرنے کے لیے حکومتی سبسڈیز دیں گے۔

وزیراعلی پنجاب سے اخوت کے بانی و چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب نے ملاقات کی، مریم نواز نے ڈاکٹر امجد ثاقب کی سربراہی میں اخوت کی سماجی خدمات کو سراہا جبکہ ڈاکٹرامجد ثاقب نے بجلی کے بلوں میں عوامی ریلیف اور اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام پر مریم نوازکو خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کم قیمت کے ہاوسنگ پروگرام کا آغاز ہوچکا ہے، اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام پاکستان کی تاریخ کاسب سے بڑا اور سستا رہائشی پراجیکٹ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اپنی چھت،اپنا گھر پروگرام کا بنیادی مقصد مالی طور پر کمزور طبقوں کو رہائش فراہم کرنا ہے، عوام پر مالی بوجھ کم کرنے کے لیے حکومتی سبسڈیز دیں گے اور آسان ترین ماہانہ اقساط مقرر کریں گے، پراجیکٹ کے تحت پائیدار اور ماحول دوست گھروں کی تعمیر کو فروغ دیا جائے گا۔

وزیراعلی پنجاب نے مزید کہا کہ انقلابی ہاوسنگ پراجیکٹ کے اجرا سے لاکھوں افراد کو روز گار ملے گا اور لاکھوں خاندان بہتر زندگی گزار سکیں گے، یہ پروگرام سود کے بغیر قرضوں کی فراہمی کیلئے ملکی تاریخ کاپہلا بڑا پراجیکٹ ہوگا،بے گھر لوگوں کو اپنے گھر کی فراہمی ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام میں تین پلانز کے تحت پراجیکٹ لانچ کیے جارہے ہیں، دیہات میں 10 مرلے تک اور شہروں میں پانچ مرلے تک رہائشی پلاٹ کے مالکان 15 لاکھ روپے تک قرض لے سکتے ہیں، اسکیم کے تحت تقریبا 14ہزار روپے ماہانہ اقساط میں رقم کی واپسی ہو گی جس پر کوئی سود نہیں۔انہوں نے کہا کہ بڑے شہروں میں سرکاری زمینوں پر 4 منزلہ فلیٹس تعمیر کریں گے، فلیٹ آسان اقساط سے قرعہ اندازی کے ذریعے لوگوں کو مہیا کئے جائیں گے، نجی ہاوسنگ سکیموں میں تین سے پانچ مرلہ تک کے گھربنا کر دیے جائیں گے۔وزیراعلی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ نجی ہاوسنگ پراجیکٹ میں حکومت ہر گھر کے لیے 10لاکھ روپے تک سبسڈی دے گی، نجی ہاسنگ پراجیکٹ میں درخواست دہندہ پانچ سالوں میں باقی اقساط ادا کرکے اپنے گھر کا مالک بن جائیگا۔اس موقع پر بانی اخوت ڈاکٹر امجد ثاقب کا کہنا تھا کہ عام آدمی کے مسائل کے حل کے لیے مریم نواز کا جذبہ قابل تحسین ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔