گلگت ،وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید کی زیر صدارت کورونا ویکسی نیشن،کورونا وائرس سے بچا ئواور ایس اوپیز پر عملدرآمد کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس ہوا ۔
اس موقع پر وزیراعلی خالد خورشید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت میں کورونا وائرس کی شرح 37 فیصد تک پہنچ چکی ہے جو انتہائی تشویش کی بات ہے، عوام سے اپیل ہے کہ کورونا وائرس سے بچاو کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد کریں اور ویکسی نیشن کرائیں،بصورت دیگر مجبورا مکمل لاک ڈاون کرنا پڑے گا اور سیاحت کا شعبہ بھی متاثر ہوگا۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے اجلاس میں صوبائی سیکریٹری صحت اور صوبائی سیکریٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ کورونا وائرس کے حوالے سے ایمرجنسی نافذ کی جائے، بڑے اجتماعات پر فوری مکمل پابندی عائد کی جائے، کورونا وائرس ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے تمام صوبائی سیکریٹریز کو ہدایت کی ہے کہ تمام سرکاری ملازمین اور ان کے خاندان کی فوری ویکسی نیشن کو یقینی بنایا جائے۔ ویکسینیشن نہ کرانے والے سرکاری ملازمین کیخلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے اور اگست کی تنخواہ سمیت تمام مراعات روک دی جائیں۔ تمام تاجروں، ہوٹل انڈسٹری، بیکری سے وابستہ تمام افراد اور ان کے خاندانوں کی ویکسی نیشن کو یقینی بنایا جائے۔ ویکسینیشن نہ کرانے اور ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرانے والوں کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ گلگت بلتستان آنے والے تمام افراد کو ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا جائے۔ ضلعی ہیڈکوارٹر اور سیاحتی مقامات میں رہنے والے آبادی کو پہلے مرحلے میں مکمل ویکسین کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنرز ٹی ٹی کیو پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ ہوٹلوں اور دیگر مقامات پر بڑے اجتماعات میں عائد پابندی پر سختی عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ ویکسینیشن اور ایس او پیز پر عملدرآمد کو بہتر بنانے کیلئے مقامی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جائیں۔ بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ میں بھی کورونا وائرس ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ گلگت بلتستان کی تمام آبادی کو دو ماہ میں مکمل ویکسی نیشن کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔ گھروں او رمحلوں کی سطح پر ویکسی نیشن ٹیموں کی دورے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کی شرح میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہورہاہے۔ تاجر برادری، عوام، سول سوسائٹی اور علمائے کرام ویکسی نیشن اور ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے حکومت کیساتھ تعاون کریں۔ اگر کورونا وائرس کی شرح میں مزید اضافہ دیکھا گیا تو مجبورا مکمل لاک ڈان کرنا پڑے گا جس سے کاروبار، سیاحت سمیت تمام شعبے متاثر ہوں گے۔وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ سرکاری دفاتر میں کورونا وائرس ایس او پیز پر عملدرآمد اور غیرضروری رش سے اجتناب کیا جائے۔
