Thursday, May 7, 2026
ہومپاکستانایکسچینج پروگرام کے تحت پاکستانی پولیس افسران کو تربیت کیلئے ترکیہ بھیجنے کا فیصلہ

ایکسچینج پروگرام کے تحت پاکستانی پولیس افسران کو تربیت کیلئے ترکیہ بھیجنے کا فیصلہ

اسلام آباد (آئی پی ایس )پاکستان نے ایکسچینج پروگرام کے تحت پولیس افسران کو تربیت کے لیے ترکیہ بھیجنے کا فیصلہ کر لیا۔ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی کی وزارت داخلہ پہنچے جہاں ان کی وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ملاقات ہوئی، ملاقات میں پاکستان ترکیہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں سیکیورٹی، پولیس اور سول آرمڈ فورسز کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا جبکہ ایکسچینج پروگرام کے تحت پاکستانی پولیس افسران کو تربیت کے لیے ترکیہ بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ 14اگست سے ترکیہ کے شہریوں کو بغیر کسی فیس کے آن لائن ویزا کی سہولت میسر ہو گی، اس اقدام سے ترکیہ کے بہن بھائیوں کو پاکستان آنے میں بہت آسانی ہوگی۔ محسن نقوی نے کہا کہ ترکیہ حکومت کی دعوت پر اکتوبر میں ترکیہ کا دورہ کروں گا، دورے میں باہمی اشتراک کار بڑھانے کے لیے نتیجہ خیز تجاویز پیش کریں گے۔پاکستانی ترکیہ کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں جبکہ ترکیہ کے ساتھ دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تجارتی روابط ہیں، جن کو مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔

ملاقات میں ترکیہ میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔محسن نقوی نے کہا کہ اس ضمن میں معاہدے کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔ ترکیہ کے سفیر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو ہم بہت اہمیت دیتے ہیں، پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھیں گے۔ وفاقی سیکریٹری داخلہ خرم علی آغا اور ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ رفعت مختار راجہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔