ریاض(آئی پی ایس )مکہ مکرمہ میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر سرپرستی وزیر اسلامی امور شیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ کی صدارت میںاسلامی ممالک کے وزارت اوقاف و اسلامی امور کی ایگزیکٹو کونسل کے 14ویں اجلاس کا آغاز ہو گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق اجلاس دو دن جاری رہے گا جس میں 62 اسلامی ممالک کے وزرا، مفتیان کرام اور اسلامی تنظیموں کے سربراہ شریک ہیں۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ریاض میں ہونے والی وزارت اوقاف و اسلامی امور کی ایگزیکٹو کونسل کے 14ویں اجلاس میں حالیہ سیشن کے ایجنڈے کا جائزہ لیا گیا اور نویں کانفرنس کے ایجنڈے کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی۔افتتاحی اجلاس میں کونسل کے کام کرنے کے طریقے پر تبادلہ خیال ،اسلامی امور کی ضروریات اور نئے مسائل کے حل کے لیے پیش کی جانے والی تجاویز اور آرا پر بھی غور کیا گیا۔علاوہ ازیں آئندہ (15ویں)کانفرنس کے حوالے سے بعض تجاویز بھی زیر غورآئیں جس میں میزبان ملک کے بارے میں بھی بات چیت کی گئی۔
واضح رہے اسلامی ممالک کے وزرات اوقاف کی ایگزیکٹو کونسل کے اس وقت 8 ممالک رکن ہیں جن میں سعودی عرب، اردن، انڈونیشیا، پاکستان ، جمہوریہ گیمبیا ، کویت ، مصر اور جمہوریہ مراکش شامل ہیں۔وزیر اسلامی امور نے ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے اپنے خطاب میں کہا اس میں شک نہیں کہ مملکت، دہشتگردی کے خطرات کا سامنا کرنے والے اولین ممالک میں شامل ہے۔انہوں نے مزید کہا دہشتگردی کی کارروائیوں سے نمٹنے کے لیے مملکت وسیع تجربہ رکھتی ہے اس حوالے سے اسلامی امور کے زیر سایہ مملکت نے دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے مقامی اور عالمی سطح پر متعدد کانفرنسز اور سیمنارز کا انعقاد کرایا اور اس نوعیت کی کانفرنسوں میں شرکت کی۔
