اسلام آباد(آئی پی ایس) ہائی کورٹ نے شہباز گِل کے لاپتا بھائی کو 6 اگست تک بازیاب کروا کر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے روبرو ڈاکٹر شہباز گِل کے لاپتا بھائی غلام شبیر کی بازیابی کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے آج کا عدالتی آرڈر وزیراعظم شہباز شریف کے سامنے رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شہباز گِل کے مغوی بھائی کو 6 اگست تک بازیاب کروا کر عدالت میں پیش کیا جائے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ ہائی کورٹ کا رجسٹرار آفس عدالتی آرڈر وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری تک پہنچانا یقینی بنائے۔
جسٹس حسن اورنگزیب نے دوران سماعت ریمارکس دیے کہ ادارے جب کہہ دیتے ہیں کہ ہمیں نہیں پتا یہ سب سے خطرناک صورتحال ہوتی ہے۔ ریاست کہتی ہے کہ ہمیں نہیں پتا بندہ کہاں ہے لیکن ہم کچھ کریں گے بھی نہیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ شہباز گِل بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی حمایت میں وی لاگز کرتا ہے۔شہباز گِل نے بتایا ہے کہ ایجنسیوں نے انہیں کہا کہ تمہارا بھائی ہمارے پاس ہے۔ شہباز گِل کو کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی حمایت میں وی لاگز کرنا چھوڑ دو۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ وزارتِ دفاع کی ہمت ہے کہ وہ ان معاملات میں جائے؟ اب اگر ہم سخت آرڈر کریں تو ہم ججز کے خلاف کارروائی شروع ہو جاتی ہے۔ عبدالرحمٰن میرے پاس چیمبر میں آنا میں اپنی ڈگری آپ کو دکھا دوں گا، اصل ہے۔ آ جانا میں خود آپ کو دکھا دوں گا، آپ کو ڈھونڈنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔پرانی ہائیکورٹ کی عمارت میں میری ڈگری دیوار پر لگی ہوئی تھی۔
عدالت نے کہا کہ 10 دن پہلے درخواست دائر ہوئی، حکومت نے اب تک کیا کیا ہے؟ آج میں جو آرڈر کروں گا وہ وزیراعظم کے سامنے رکھا جائے، آئی جی کو کہنا تو بےفائدہ ہے، وزیر بھی کیا کر سکتے ہیں۔ یہ ملک کا نام بدنام کر رہے ہیں۔
شہباز گِل کے لاپتا بھائی کو 6 اگست تک بازیاب کروا کر عدالت میں پیش کرنے کا حکم
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
