Thursday, May 7, 2026
ہومپاکستانوزیر اعلی کا بٹن میرے ہاتھ میں ہے جس دن چاہوں آن آف کرسکتا ہوں، فیصل کریم کنڈی کی تنقید

وزیر اعلی کا بٹن میرے ہاتھ میں ہے جس دن چاہوں آن آف کرسکتا ہوں، فیصل کریم کنڈی کی تنقید

پشاور (آئی پی ایس )گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبہ میں امن امان کی صورتحال انتہائی خراب ہے، وزیر اعلی کا بٹن میرے ہاتھ میں ہے جس دن چاہوں آن آف کرسکتا ہوں۔

مانسہرہ میں ورکرز اجلاس سے خطاب میں فیصل کریم کنڈی نے وزیر اعلی علی امین گنڈا پور پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جن کی عزت نہیں وہ بھی مجھے ہتک عزت کا نوٹس بھیج رہے ہیں۔ وزیر اعلی کی طرف سے مجھے دیئے گئے ہتک عزت نوٹسز کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔گورنر نے کہا کہ وزیر اعلی کو چیلنج دیتا ہوں کہ وہ اپنی پارٹی کے دور حکومت کے دس سالہ کارکردگی پر مجھ سے مناظرہ کریں، چاہیں تو چینل اور اینکر اپنی مرضی کے لے کر آئیں۔فیصل کریم کنڈی نے یہ بھی کہا کہ عوام نے پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیا ہے، گورنر رول کا نفاذ کر کے اسے سیاسی شہید نہیں بننے دیں گئے۔ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں لاقانویت عروج پر ہے، حکومت امن عامہ کی سنگین صورت حال پر اسمبلی کا ان کیمرہ اجلاس جلد بلائے، پی ٹی آئی حکومت اپنے ممبران اسمبلی کو ہی صوبے کی مخدوش صورت حال پر آگاہی دینے میں ناکام ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد ابھی تک ممکن نہیں ہو سکا ہے، صوبائی کابینہ کا خصوصی اجلاس بنوں واقعے کے بعد بھی نہ بلایا جا سکا۔ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان ایک زیرک سیاست دان ہیں وہ پی ٹی آئی سے اپنا انتقام لے رہے ہیں جے یو آئی کا مینڈیٹ پی ٹی آئی نے چوری کیا ہے۔ جے یو آئی اور پی ٹی آئی کے مذاکرات کے بارے بیرسٹر گوہر ابتدا ہی میں منحرف ہو گئے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔