Saturday, July 13, 2024
ہومپاکستاناستحکام پاکستان پارٹی کا آپریشن 'عزم استحکام' کی بھرپور حمایت کا فیصلہ

استحکام پاکستان پارٹی کا آپریشن ‘عزم استحکام’ کی بھرپور حمایت کا فیصلہ

لاہور: استحکام پاکستان پارٹی نے دہشت گردی کےخلاف ہونے والے آپریشن “عزم استحکام” کی بھرپور حمایت کا فیصلہ کر لیا۔

آئی پی پی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی نے آپریشن عزم استحکام کے حق میں پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی، ایم پی اے و جنرل سیکرٹری آئی پی پی پنجاب شعیب صدیقی نے عزم استحکام آپریشن کی حمایت کے لئے صوبائی اسمبلی میں قرارداد جمع کرائی۔

قرار داد کے متن کے مطابق معیشت کی مضبوطی، خوشحالی اور سرمایہ کاری کے لئے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ضروری ہے، تعلیم، صحت، روزگار اور جانی تحفظ کے لئے آپریشن عزم استحکام کے ساتھ ہیں، پاکستان میں پائیدار امن، استحکام اور سلامتی کے لئے دہشت گردی کا خاتمہ ضروری ہے۔

قرارداد میں لکھا گیا ہے کہ مسلح کارروائیوں کے خلاف آپریشن وقت کی ضرورت ہے، پنجاب اسمبلی کی رائے ہے کہ ملک دشمن عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے، ایوان کا یہ بھی یقین ہے کہ وطن عزیز کی حفاظت کے لئے جان نثار کرنے والوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

قرارداد میں مزید لکھا گیا کہ پنجاب اسمبلی کا ایوان اعادہ کرتا ہے کہ قوم دہشت گردی کے خلاف متحد اور یک جان ہے، استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان کی ہدایت پر یہ قرارداد پیش کر رہے ہیں، امید ہے تمام سیاسی جماعتیں عزم استحکام آپریشن کی دل و جان سے حمایت کریں گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔