لاہور، دورہ انگلینڈ میں پاکستان نے ناتواں مڈل آرڈر کو توانا بنانے کی کوشش شروع کردی۔
پی سی بی کی طرف سے جاری پوڈ کاسٹ میں بات کرتے ہوئے تینوں فارمیٹ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ زیادہ کھیلنے کو نہیں مل رہی لیکن یہ کوئی جواز نہیں، مختلف فارمیٹس میں کھیل تو رہیں ہیں، صرف اپنا مائنڈ سیٹ تبدیل کرنے کی ضرورت ہوتی ہے، جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز میں اچھی کرکٹ کھیلتے ہوئے میزبان ٹیم کا ڈٹ کر مقابلہ کیا تھا، اسی پرفارمنس کا سلسلہ انگلینڈ میں جاری رکھنے کی کوشش کریں گے، بہتر کمبی نیشن بنا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک یونٹ کے طور پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں، پروٹیز کیخلاف سیریز میں مڈل آرڈر مشکلات کا شکار نظر آئی تھی، اسی لیے ایک، دو تبدیلیاں کیں ہیں، حارث سہیل اور سعود شکیل کی ون ڈے اسکواڈ میں واپسی سے مڈل آرڈرکو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی، امیدہے کہ اس بار ان مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ انگلینڈ میں اچھی پچز گرین شرٹس کیلئے بھی ساز گار ہیں، ماضی میں قومی ٹیم کی انگلینڈ میں بہتر پرفارمنس کی وجہ سے اعتماد بھی حاصل ہوگا، کنڈیشنز سے ہم آہنگی کیلئے چند روز میسر ہیں، بھرپور پریکٹس کے ساتھ انٹرااسکواڈ میچز میں بھی اچھی تیاری کا موقع ملے گا، کرکٹرز اچھا کھیل پیش کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔
