اسلام آباد (آئی پی ایس )وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔ دو طرفہ دوستی مزید مضبوط کرنے اور فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم رکوانے کی کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت اور عوام کی جانب سے قطری امیر کو عید الاضحی کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماں نے فلسطین کے بہادر اور مظلوم عوام کی حالت زار پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ کہا عالمی برادری فلسطین میں امن کی بحالی کی کوششیں تیز کرے۔اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ مشرق وسطی میں تشدد اور خونریزی کا فوری خاتمہ یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم اور امیر قطر نے دونوں ملکوں کی دوستی مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماں نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان تعلقات مشترکہ اقدار اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ انہیں مزید بڑھایا جائے گا۔ وزیراعظم نے پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے لئے قطر کی حمایت اور تعاون کو سراہا۔ خطے اور عالمی امن و استحکام کے لئے مل کر کام جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کے دورے کی دعوت قبول کرنے پر امیر قطر کا شکریہ ادا کیا ۔ کہا امید ہے آپ کے دورہ پاکستان کی تاریخیں جلد طے کرلی جائیں گی۔
دوسری طرف عید الاضحی کے موقع پر وزیراعظم اور عمان کے سلطان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، دونوں رہنماوں کے درمیان عید الاضحی کے پرمسرت موقع پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔وزیراعظم نے عمان کے سلطان، حکومت عمان اور عمان کے عوام کو عید الاضحی کی دلی مبارکباد پیش کی، عمان کے سلطان نے بھی وزیراعظم کو عید الاضحی کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، دونوں رہنماں نے امت مسلمہ کی صفوں میں امن اور اتحاد کے لئے دعا بھی کی۔دونوں رہنماوں نے پاکستان اور عمان کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے مضبوط رشتے کا اعادہ کیا، دونوں رہنماں نے دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا، دونوں رہنماوں نے علاقائی صورتحال بالخصوص فلسطین کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔دونوں رہنماوں نے خطے، عالمی امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کیلئے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا، وزیراعظم نے عمان کے سلطان کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی۔
