مظفر آباد(سب نیوز )وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کو محرومیوں کا ازالہ کرنا چاہیے، گزشتہ دنوں وادی میں جو کچھ ہوا وہ عوامی تحریک تھی، جسے عوام نے لیڈ کیا، چوہدری انوار الحق نے رینجرز بلانے کی وجہ بھی بتائی۔ چوہدری انوار الحق نے آزاد کشمیر میں گزشتہ دونوں ہونے والے پرتشدد احتجاج کی بات کرتے ہوئے کہا کہ تحریک کی بنیاد سستی بجلی اور سستا آٹا تھا۔
انھوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو محرومیوں کا ازالہ کرنا چاہیے، سستی بجلی اور آٹا دینا حکومت آزاد کشمیر کا کام نہیں، سیاستدان عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام رہے، محرومیوں کا ازالہ نہ کرنے پر نوجوان نسل سوال کرتی ہے۔وادی میں رینجرز بلائے جانے کے حوالے سے چوہدری انوار الحق کا کہنا تھا کہ بشام واقعہ کے بعد رینجرز بلانے کیلئے مراسلہ لکھا، رینجرز کو عوام کیلئے طلب نہیں کیا گیا تھا، ریاست کے نقصان سے متعلق تفتیش کی جارہی ہے۔
بھارتی قیادت کے پاکستان مخالف بیانات اور انتخابات کے حوالے سے وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ انڈین الیکشن میں مودی اکثریت سے کامیاب ہوتے نظر نہیں آ رہے، نریندر مودی نے مداخلت کی تو اندر گھس کر ماریں گے، پہلے بھی بھارت کو جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا تھا۔

