اسلام آباد ،اسلام آباد کے قانون کرایہ داری میں ترامیم کا بل اسلام آباد رینٹ رسٹرکشن (ترمیمی)ایکٹ 2020 سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ سے منظور ہو گیا، مذکورہ بل وفاقی وزیر اسد عمر، علی نواز اعوان اور راجہ خرم نواز نے گزشتہ سال اکتوبر میں قومی اسمبلی سے منظور کروایا تھا- سینیٹ سے منظوری کے لیے بل جلد ہائوس میں پیش کیا جائے گا ۔
تفصیلات کے مطابق رینٹ رسٹرکشن (ترمیمی) ایکٹ 2020 کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے منظور کرکے واپس ایوان بالا بھیج دیا ہے۔کمیٹی کے جمعہ کو ہونے والے اجلاس میں بل کی متفقہ منظوری دی گئی۔اسلام آباد کے تینوں منتخب ارکان قومی اسمبلی اسد عمر، علی نواز اعوان اور راجہ خرم نواز نے یہ بل گزشتہ سال اکتوبر میں قومی اسمبلی سے منظور کروایا تھا اور گزشتہ ماہ سینیٹر فوزیہ ارشد اور سینیٹر سیمی ایزدی نے سینیٹ میں منظوری کے لیے پیش کیا تھا اور اسے مزید غور کے لیے قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا گیا تھا۔وزیراعظم کے معاونِ برائے امورِ سی ڈی اے علی نواز اعوان نے بتایا کہ اسلام آباد میں مالکان اور کرایہ داروں کے لیے کوئی خاص قانون موجود نہیں تھا جس کی وجہ سے مسائل جنم لے رہے تھے اور پرانے قانون قانون کرایہ داری میں ترامیم کی اشد ضرورت محسوس کی جارہی تھی، قانون کرایہ داری کی منظوری سے مالک اور کرایہ دار دونوں کو تحفظ حاصل ہوگا، کرایہ دار اور مالک کے لیے لازم ہوگا کہ وہ کرایہ داری کے معاہدے کی کاپی ریکارڈ کے لیے رینٹ کنٹرولر کے پاس جمع کروائے، فریقین کے درمیان کسی تنازعے کی صورت میں ایک ثالثی کونسل مسئلہ حل کروانے کی پابند ہوگی۔
