لاہور،قومی احتساب بیورو(نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بدعنوانی ملک کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، نیب زیرو کرپشن اور 100 فیصد ترقی پر یقین رکھتا ہے۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب آفس لاہور میں اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور نے ایڈن ہاوسنگ پراجیکٹس کی انتظامیہ کیخلاف ریفرنس، چوہدری شوگر ملز کیس،ایم این اے خسرو بختیار اور ایم پی اے ہاشم جواں بخت کیخلاف جاری تحقیقات سمیت سابق ڈی سی او لاہور نور الامین مینگل، سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ اورایم این اے میاں جاوید لطیف کیخلاف جاری تحقیقات پر بریفنگ دی۔اس موقع پرچیئرمین نیب نے کہا کہ بدعنوانی ملک کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، نیب لاہور نے گزشتہ 4 سال کے عرصے میں تقریبا 74 ارب روپے بلاواسطہ و بلواسطہ برآمد کئے ہیں جو کہ ایک ریکارڈ ساز کامیابی ہے، نیب زیرو کرپشن اور 100 فیصد ترقی پر یقین رکھتا ہے۔چیئرمین نیب نے کہا کہ عدالتوں کے احکامات پر من و عن عمل کیا جائے اور تمام مقدمات کو مکمل تیاری اور ٹھوس شواہد کی روشنی میں منطقی انجام تک پہنچایا جائے ۔
بدعنوانی ملک کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے،چیئرمین نیب
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
