ہومبریکنگ نیوزوزیراعظم کا نیول ہیڈ کوارٹرز کا دورہ، سکیورٹی، امن کیلئے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا

وزیراعظم کا نیول ہیڈ کوارٹرز کا دورہ، سکیورٹی، امن کیلئے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا

اسلام آباد(سب نیوز )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے وزیراعظم شہبازشریف کا استقبال کیا۔وزیراعظم نے ملکی بحری سرحدوں کے دفاع، گوادر بندرگاہ سمیت چین پاکستان اقتصادی راہداری کو سکیورٹی کی فراہمی اور علاقائی امن کے لئے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ حکومت معاشی ترقی میں میری ٹائم سیکٹر کی افادیت کے پیش نظر اس کی ترقی کیلئے کوشاں ہے، شہبازشریف نے تربت نیول ایئر بیس پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پاک بحریہ کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا، شہبازشریف نے کہا کہ پوری قوم اپنی جرات مند سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

ایڈمرل نوید اشرف نے پاک بحریہ کی صلاحیتوں پر اعتماد کے اظہار پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا، پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ وزیراعظم نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، وزیراعظم کو علاقائی میری ٹائم سکیورٹی کی صورتحال اور مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پاک بحریہ کی ضروریات پر بریفنگ دی گئی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔