ہومتازہ ترینتوشہ خانہ کیس: عدالت نے عمران خان اور بشری بی بی کے وکلا کا جرح کا حق ختم کردیا

توشہ خانہ کیس: عدالت نے عمران خان اور بشری بی بی کے وکلا کا جرح کا حق ختم کردیا

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے توشہ خانہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے وکلا کا جرح کا حق ختم کردیا۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیراعظم عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت کی۔

عدالت نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کے وکلا کا جرح کا حق ختم کر دیا جبکہ عدالت کل عمران خان اور بشری بی بی کا 342 کا بیان ریکارڈ کرے گی، سابق وزیراعظم نے توشہ خانہ کیس میں وکیل تبدیلی کی درخواست دی۔

وکیل چوہدری ظہر عباس نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی طرف سے وکالت نامہ جمع کروایا جبکہ پراسیکیوشن کی جانب سے وکیل تبدیل کرنے کی مخالفت کی گئی۔نیب کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں 10واں وکیل تبدیل کیا جارہا ہے، کیس کو التوا میں ڈالنے کے لیے بار بار وکیل تبدیل کیے جارہے ہیں، وکلا صفائی مسلسل تاخیری حربے استعمال کررہے ہیں، 5 سے 6 مرتبہ گواہ عدالت آچکے ہیں مگر جرح نہیں کی گئی، توشہ خانہ کیس میں وکلا صفائی کی جانب سے صرف 5 گواہوں پر جرح کی گئی۔

وکیل شہباز کھوسہ نے کہا کہ پراسیکیوشن نے توشہ خانہ کیس میں 16 گواہوں کے بیانات قلمبند کروا دیے، توشہ خانہ کیس میں نیب نے 20 گواہوں میں سے 4 گواہوں کو ترک کر دیا، میں والد کا الیکشن چھوڑ کر جرح کے لیے آیا تھا، جرح کا حق ختم کرنے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کریں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔