اسلام آباد، وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ سی ڈی اے علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے خون کی قمیت پر بھارت سے تجارت نہیں ہوسکتی، وزیرِ اعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے دلیرانہ موقف اپنا کر پاکستان کے اصولی موقف کی درست ترجمانی کی ہے ،پاکستان ہمیشہ کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہوا ہے اور انہیں اپنی اخلاقی اور سفارتی مدد فراہم کی ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اپنے ایک بیان میں کیا۔ علی نواز اعوان نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے اتوار کو واضح موقف پیش کیا ہے کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ بھارت کا کشمیریوں پر ظلم بھی جاری رہے اور ہم اس سے تجارت بھی کرتے رہیں یہ کشمیریوں سے غداری ہوگی۔ وزیر اعظم نے واضح طور پر کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کے اقدامات واپس لینے تک بھارت سے بات چیت ممکن نہیں ۔ علی نواز اعوان نے کہا کہ پاکستان نے مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ دوٹوک اورواضح موقف اپنایا ہے اورہر فورم پر کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی مدد کی ہے۔ اگرچہ ہمسایہ ہونے کے ناطے ہمیں بھارت کے ساتھ تجارت کے بہت سے فوائد ہوتے تاہم کشمیری شہدا کے خون کی قیمت پر بھارت کے ساتھ تجارت نہیں ہو سکتی۔ وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی نے کہا کہ پاکستان نے مسئلہ فلسطین پر بھی واضح موقف اپنا کر دنیا پر واضح کیا کہ ظلم اور ناانصافی سے کسی بھی قوم کو دبایا نہیں جاسکتا۔ فلسطینی اور کشمیری عوام نے لاکھوں شہدا کی قربانیاں دی ہیں اور ان قربانیوں کو رائیگاں جانے نہیں دیا جا سکتا۔
