جدہ:خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے سربراہ اجلاس میں غزہ میں اسرائیلی اقدامات کو عالمی قوانین اور عالمی انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔ ترک صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم غزہ میں انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب کر رہے ہیں۔
دوحہ میں جی سی سی کی 44 ویں سربراہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں دیگر سربراہان مملکت سمیت سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے بھی شرکت کی۔
جی سی سی رہنماں نے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی مذمت کرنے کے ساتھ کہا کہ ممبر ممالک غزہ میں فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ اراکین کی جانب سے اسرائیل کی فلسطینی عوام کے خلاف کھلی جارحیت پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔
کانفرنس میں سربراہوں نے خطے کو درپیش مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی نہ کی گئی تو پورے خطے پر اس کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔ سربراہ کانفرس میں فلسطینی عوام کی مدد جاری رکھنے کے ساتھ غزہ کے رہائشیوں کی مشکلات کم کرنے کا عزم کیا گیا۔
