اسلام آباد (سب نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کیلئے انتخابی نشانات کی فہرست تیار کرلی، انتخابی نشان کی فہرست آئندہ ہفتے جاری ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق آئندہ عام انتخابات کیلئے 327انتخابی نشانات پر مشتمل فہرست میں عقاب، تیر، شیر، بلا، تلوار اور کرین کے نشان موجود ہیں۔مذکورہ فہرست میں کار، جیپ، بلب، بطخ، فاتحہ اور پھول، صابن دانی، تھرماس، سرمہ دانی بھی موجود ہیں۔
قبل ازیں 23نومبر کو قبل چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس میں ملک میں آئندہ برس ہونے والے انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کے لیے مکمل تیار ہے اور حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30 نومبر کو شائع کر دی جائے گی۔خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے 8 فروری 2024 بروز جمعرات کو ملک بھر میں عام انتخابات کرانے کا اعلان کر رکھا ہے۔
