ہومپاکستانپاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے دہشتگردوں کی فائرنگ، سپاہی شہید، پاک فوج کا موثرجواب

پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے دہشتگردوں کی فائرنگ، سپاہی شہید، پاک فوج کا موثرجواب

راولپنڈی(آئی پی ایس )شمالی وزیرستان میں پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے دہشتگردوں کی فائرنگ سے 32 سالہ سپاہی شہید ہو گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق شمالی وزیرستان میں پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے دہشتگردوں نے فائرنگ کی۔ دہشتگردوں نے بارڈر پر فوجی پوسٹ کو نشانہ بنایا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 32 سالہ سپاہی عمر دراز فائرنگ کے باعث شدید زخمی ہوئے جو بعد ازاں شہادت کے رتبے پر فائز ہو گئے۔ شہید ہونے والے سپاہی کا تعلق جھنگ سے ہے، آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کی فائرنگ کا موثر جواب دیا گیا۔ پاکستان دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین کے استعمال کی شدید مذمت کرتا ہے۔ پاکستان افغانستان کو مسلسل پاک افغان بارڈر پر مینجمنٹ بہتر کرنے کا کہتا چلا آرہا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل 5 مئی کو شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں سے مقابلے میں کیپٹن سمیت 3 جوان شہید ہوگئے تھے جبکہ 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے ڈوسالی میں خفیہ اطلاعات پر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیر ستان کے علاقے ڈوسالی میں 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن فہیم، سپاہی شفیع اور سپاہی نسیم شہید ہوئے ہیں۔ 5 مئی کو ہی پاک افغان بارڈر پر باڑ تنصیب میں مصروف ایف سی کے اہلکاروں پر سرحد پار سے دہشتگردوں نے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کے حوالدار سمیت 4 جوان شہید جب کہ 6زخمی ہوگئے تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔