اسلام آباد(ارمان یوسف )شہر اقتدار میں حکومت اور انتظامیہ کی ناک کے نیچے منچلوں نے کورونا ایس او پیز کی دھجیا ں اڑا دیں ، گرمی کے ستائے نوجوانوں کی بڑی تعداد تھانہ شہزاد ٹاون کی حدودمیں کورنگ نالہ میں نہانے پہنچ گئی،نوجوان اور شہری اس موقع پر دفعہ 144کی خلاف ورزی کرتے اور ایس او پیز سے لاپراہ بنے ٹولیاں کی شکل میں خوش گیپیوں وتیراکی میں مصروف رہے ،ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے ایس او پیر کی اس کھلم کھلا خلاف ورزی پر آنکھیں موند لیں ۔
تفصیلات کے مطابق این سی او سی کے احکامات کی روشنی میں ہفتہ اور اتوار کو وفاقی دارلحکومت میں کاروبار مکمل بند اور لاک ڈائون لگا یا جاتا ہے ، اس دوران شہریوں کے گھروں سے غیر ضروری باہر نکلنے اور اجتماع پر پابندی عائد ہوتی ہے تاہم اتوار کے روز دفعہ 144اورکورونا ایس او پیز کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے تھانہ شہزاد ٹاون کی حدود کورنگ نالہ میں شہریوں کی بڑی تعداد نہانے کیلئے پہنچ گئی، شہری اس موقع پر دفعہ 144کی خلاف ورزی کرتے اور ایس او پیز سے لاپراہ بنے ٹولیاں کی شکل میں خوش گیپیوں و تیراکی میں مصروف رہے تاہم مقامی پولیس اور انتظامیہ کی طرف سے سنگین خلاف ورزی کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا گیا اور نالہ کورنگ میں نہانے والوں کے خلاف کوئی کریک ڈاون نہ کیا جا سکا۔دوسری طرف شہر کے مختلف علاقوں میں شہریوں کی طرف سے ماسک اور کورونا ایس او پیز کی ایسی خلاف ورزیوں کے روزانہ سینکڑوں کی بنیاد پر واقعات سامنے آ رہے ہیں جو موذی وبا کے تیزی سے پھیلائو کا سبب بن رہے ہیں۔
