ہومٹاپ سٹوریانتخابات کا انعقاد،تحریک انصاف کا نگران وزیراعظم کوخط

انتخابات کا انعقاد،تحریک انصاف کا نگران وزیراعظم کوخط

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)90 روز کی آئینی مدت میں انتخابات کے انعقاد کا معاملہ،پاکستان تحریک انصاف نے نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کو خط لکھ دیا۔
تفصیلات کے مطابق خط پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی کی جانب سے تحریر کیا گیا ہے،شاہ محمود قریشی نے کور کمیٹی کی ایما پر نگران وزیر اعظم کو خط تحریر کیا۔

image 14


شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نگران وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر آپ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں،ملک دستور کی مکمل تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے،سابق حکومت نےریاستی اداروں کو آئین کے مطابق چلانے کی بجائے، اپنی جگہ بنانے اور خود کو احتساب سے بچانے کیلئے ایک کے بعد دوسرا حربہ استعمال کیا،حکمران گروہ کے اس طرزِ عمل نے ریاست کی بنیادوں کو بے پناہ نقصان پہنچایا،سابق حکمرانوں نے تحریک انصاف کو انتخابی دوڑ سے باہر کرنے کی نیت سے ریاستی اداروں کا بے دریغ استعمال کیا۔

image 15


شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو اٹک جیل میں نہایت ناگفتہ بہہ اور انسانیت سوز حالات میں رکھا گیا ہے،چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری اور جیل میں ان سے روا رکھا جانے والا سلوک کسی بھی ملک کے انتظامی اور عدالتی نظام کے چہرے پر ایک بد نما داغ ہے،چیئرمین تحریک انصاف کو آئین اور جیل قوانین میں فراہم کردہ بنیادی حقوق سےمحروم رکھا جا رہا ہے،چیئرمین تحریک انصاف کو آئین اور جیل قواعد کے مطابق بنیادی حقوق کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

image 16


انہوں نے کہا کہ پولیس کو بلا روک ٹوک گھروں اور املاک کو تباہ کرنے،عورتوں، بچوں، بوڑھوں کے ساتھ بدسلوکی کرنے کے اختیارات دیے گئے ہیں،تحریک انصاف کے 10 ہزار سے زائد کارکنان پابند سلاسل ہیں،عدالتوں کے آئینی احکامات کی پیہم توہین جاری ہے،ملک کو پھر سے آئین و قانون کی راہ پر چلانے کا وقت آن پہنچا ہے،جمہوریت کی بنیاد شہریوں کے ووٹ کے حق پر استوار ہے،دستور اسمبلی کی قبل از وقت تحلیل کی صورت میں 90 روز میں انتخابات کے انعقاد کا حکم دیتا ہے،لہذٰا ہمارا پر اصرار مطالبہ ہے کہ آپ انتخابات کے بروقت انعقاد کو یقینی بنائیں۔

image 17


شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کی جانب سے مردم شماری کے نتائج کی تاخیر سے منظوری کے بعد نئی حلقہ بندیوں کے معاملے کو انتخابات میں التوا کا بہانہ ہر گز نہیں بنایا جا سکتا،ہم مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں،انتخابات کی ساکھ کیلئے لازم ہے کہ فریقین کو انتخابی مقابلے کیلئے مساوی میدان فراہم کیا جائے،موجود حالات میں آپ کا منصفانہ طرزِعمل جمہوری اقدار پر عوام کے اعتماد میں پختگی و تقویت کا موجب بنے گا،ہم آپ کو سونپے جانے والے اس عظیم فریضہ کی انجام دہی میں آپ کو اپنے تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔