اسلام آباد(سب نیوز )پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدے کے معاملے میں پیشرفت ہوئی ہے۔ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف حکام کے درمیان ورچوئل مذاکرات جاری ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے کے لیے پر امید ہے۔
آئی ایم ایف کا پاکستان کو آج میمورینڈم فار اکنامک اینڈ فنانشل پالیسی فراہم کیے جانے کا امکان ہے، جس کے بعد اسٹاف لیول معاہدہ اور بورڈ اجلاس ہوگا۔وزیراعظم اور ایم ڈی آئی ایم ایف کی پیرس میں ہونے والی ملاقات میں پروگرام بحالی پر اتفاق رائے ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان نے 6 ارب ڈالر کی بیرونی فنانسنگ پر آئی ایم ایف سے نرمی کی درخواست کی، 6 ارب ڈالر کی فنانسنگ میں نرمی کے عوض مزید ٹیکس لگانے کی شرط عائد کی گئی جبکہ اخراجات میں 85 ارب روپے کی کٹوتیاں کرنے کی حکمت عملی بھی تیار کرلی گئی۔
حکومت نے آئی ایم ایف کی شرط مانتے ہوئے پینشن میں اصلاحات متعارف کروا دیں، ایک لاکھ ڈالر تک کی بغیر آمدن بتائے ترسیلات کی تجویز بھی واپس لے لی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرط پر انکم ٹیکس کی شرح میں اضافہ کیا گیا، آئی ایم ایف کی شرط پر درآمدات پر پابندی اٹھالی گئی جبکہ آئی ایم ایف کی شرط پر پیٹرولیم لیوی 50 روپے سے بڑھا کر 60 روپے فی لٹر کیا گیا۔
