ہومپاکستان20 اپریل تک کالعدم ٹی ایل پی کو تحلیل کردیں گے، شیخ رشید

20 اپریل تک کالعدم ٹی ایل پی کو تحلیل کردیں گے، شیخ رشید

اسلام آباد،وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی)ہر صورت میں اپنے ایجنڈے سے پیچھے ہٹنے کیلئے تیار نہیں اس لیے حکومت کے پاس اپنی رٹ قائم کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں بچا، 20اپریل تک کالعدم ٹی ایل پی کو تحلیل کردیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد جی7 میں سستا رمضان بازارکا دورہ کیا اور بازار میں قیمتوں کا جائزہ لیا، وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں، عوام کو سستے بازاروں کے ذریعے ریلیف دے رہے ہیں، عوام کوسستی اشیا مہیا کریں گے۔وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ ٹی ایل پی نے ملک کی 192 جگہوں کو بند کیا تھا، جن میں سے 191 جگہیں کلئیر کرادی گئی ہیں، اس وقت صرف لاہور یتیم خانہ چوک بند ہے اور اب بھی حالات کشیدہ ہیں، کالعدم تحریک لبیک والے کسی صورت اپنے ایجنڈے سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں، ان کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔شیخ رشید کہنا تھا کہ ہم ذہنی طور پر تیار نہیں تھے اس لئے تحریک لبیک کے خلاف ایسے اقدامات کرنا پڑے، حکومتی رٹ کے قیام کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا، 20 اپریل تک کالعدم ٹی ایل پی کو تحلیل کردیں گے، ان کے اکانٹ منجمد اور شناختی کارڈ بھی بلاک ہوں گے، اور اس تنظیم کے خلاف مزید کارروائی سے متعلق ایک ماہ میں کابینہ فیصلہ کرے گی، 20 اپریل کو راولپنڈی اسلام آباد کے شہریوں کو راستے کھلے ملیں گے۔ وزیراعظم نے گزشتہ روز ناموس رسالت سے متعلق اہم بیان دیا کہ کسی صورت گستاخی کو قبول نہیں کریں گے، ہم کسی صورت ناموس رسالت پر بات نہیں آنے دینا چاہتے۔شیخ رشید نے کہا کہ جہانگیر ترین پارٹی کا حصہ ہیں، امید ہے ساتھ ہی رہیں گے، کسی کو غلط زبان استعمال نہیں کرنی چاہئے، مجھے یقین ہے جہانگیر ترین کا معاملہ بھی ٹھنڈا ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ جب کسی تنظیم کو کالعدم قرار دیا جاتا ہے تو اس کے عہدیداروں کے اکانٹس منجمد ہوتے ہیں، ان کے شناختی کارڈ بلاک کردیے جاتے ہیں اور ان کی نقل و حمل پر پابندی عائد ہوتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس کے ساتھ 3 روز کا نوٹس دیا جاتا ہے جس پر انہیں ایک مہینے کے اندر اندر جواب دینا ہوتا ہے۔وزیر داخلہ نے یہ بھی بتایا کہ اگر تنظیم کو تحلیل کرنا ہوا تو اس کے لیے وزارت قانون، فروغ نسیم اور اٹارنی جنرل فار پاکستان کام کررہے ہوں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت مذاکرات کا کوئی عمل جاری نہیں ہے اور نہ ایسی کوئی بات میرے نوٹس میں ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کے بھی کچھ جوان شہید ہوئے، دوسری جانب سے بھی کچھ لوگ جاں بحق ہوئے تو یہ سلسلہ ان کی جانب سے 20 تاریخ تک جاری ہے اس وقت تک حکومت اس جماعت کو تحلیل کرنے کا بھی فیصلہ کرلے گی جسے کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔20 تاریخ کو ٹی ایل پی کے احتجاج کے باعث راولپنڈی، اسلام آباد میں سڑکیں بند ہونے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی تمام سڑکیں کھلی ہیں، انشا اللہ 20 تاریخ کو بھی کھلی رہیں گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔