اسلام آباد (سب نیوز)تحریک انصاف کے چیئرمین نے جے آئی ٹی کے سامنے اعلی فوجی افسران کیخلاف اپنے سنگین الزامات والے ویڈیو کلپس کوتسلیم کرلیا۔ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو اعلی فوجی افسران پر ان کی جانب سے عائد الزامات پر مبنی ایف آئی آر بتائی گئی۔
جے آئی ٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی سے استفسار کیا کہ کیا ان کے پاس ویڈیو کلپس میں لگائے گئے الزامات کا کوئی ثبوت ہے جس پر چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ان کے پاس کوئی ثبوت نہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی سے سوال کیا گیا کہ کیا جنرل فیصل نے آپ کو براہ راست دھمکی دی تو انہوں نے کہا کہ مجھے کوئی دھمکی نہیں دی گئی۔ذرائع کے مطابق جب پی ٹی آئی چیئرمین سے پوچھا گیا کہ پھر آپ نے الزامات کیوں لگائے تو انہوں نے کہا کہ مجھے کسی نے بتایا تھا۔
میرے پاس اس کا کوئی ثبوت یا گواہ موجود نہیں۔جے آئی ٹی نے استفسار کیا کہ پھر آپ نے ڈی جی آئی کا نام کیوں لیا؟ کیا آپ کی جنرل فیصل سے ملاقات ہوئی؟ آپ کس کو ڈرٹی ہیری کہتے ہیں؟چیئرمین پی ٹی آئی نے جواب دیا کہ ڈی جی آئی نے پریس کانفرنس کی تھی۔ جنرل فیصل سے ملاقات نہیں ہوئی، جنرل فیصل کو ڈرٹی ہیری کہتا ہوں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے جے آئی ٹی سے کہا کہ اپنے تما م کلپس کو مانتا ہوں اب جانا چاہتا ہوں۔ جے آئی ٹی کی تمام کارروائی دستاویزی طور پر قلم بند کی گئی جس پر چیئرمین پی ٹی آئی کے دستخط بھی لیے گئے۔
