اسلام آباد ، وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت مذاکرات پر یقین رکھتی ہے لیکن بلیک میل نہیں ہوں گے۔
اتوار کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت مذاکرات پر یقین رکھتی ہے لیکن بلیک میل نہیں ہوں گے،لاہور میں پولیس اور رینجرز اہلکاروں کو اغوا کیا گیا جس پر آپریشن ہوا ،ریاست کالعدم مسلح گروہ کے سامنے بلیک میل نہیں ہوئی،عمران خان عاشق رسول ہیں انہوں نے ہر فورم پر بات کی ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ جہانگیر ترین پارٹی رہنما ہیں، ایسا فورم تشکیل دینا چاہیے جہاں جہانگیر ترین اپنا موقف پیش کرسکیں، جہانگیر ترین کے ساتھی ارکان قومی اسمبلی ہماری ہی پارٹی کے ہیں، بابر اعوان، علیم خان پر الزامات لگے وہ عدالتوں میں سرخرو ہوئے۔فواد چوہدری نے کہا کہ وزارتوں کی تبدیلی وزیراعظم کا کام ہے، کپتان جہاں کھڑا کرے گا ہم وہیں کھڑے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ کورونا سے متعلق انہوں نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر بہت خوفناک ہے احتیاط کی جائے اور ایس او پیز پر عمل کیا جائے۔
