اسلام آباد(سب نیوز)آئندہ مالی سال دفاع کے لیے تقریباً ساڑھے 17 سو ارب روپے سے زائد بجٹ رکھے جانے کا امکان ہے۔
مالی سال 24-2023 میں دفاعی ضروریات پوری کرنے کے لیے ڈیفینس افیئرز اینڈ سروسز کا بجٹ تقریباً 1750 ارب سے زائد رکھنے کی تجویز ہے۔ وزارت دفاع اور وزارت دفاعی پیداوار کے 13 مختلف ترقیاتی منصوبوں کیلئے3 ارب 76 کروڑ روپے اس کے علاوہ ہونگے۔
دستاویزات کے مطابق نیشنل ایروسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک منصوبے کے لیے 50 کروڑ رکھے جائیں گے۔ایریل فوٹوگرافک سروے کی خاطرجدید ڈرونز کی خریداری، اسلام آباد میں ٹیکنالوجی اسیسمنٹ لیب کے علاوہ میڈیکل سٹی کی تعمیر بجٹ کا حصہ ہے۔
وزارت داخلہ کیلئے ترقیاتی بجٹ ایک ارب کی کمی سے 8 ارب روپے تجویز ہے ۔ اسلام آباد میں نیشنل کاونٹر ٹیررازم اتھارٹی کا ہیڈ کوارٹر تعمیرکیا جائے گا۔ غیر ملکیوں کی سیکیورٹی پر 10 کروڑ،اسلام آباد اسمارٹ کار سیف سرویلنس منصوبے پر 11 کروڑ 27 لاکھ خرچ ہونگے۔
اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں لینڈ ریونیو ریکارڈ مینجمنٹ کا نیا منصوبہ ،سندھ میں 13 پاسپورٹ دفاتر کا قیام، ملک بھرمیں 163 ریجنل پاسپورٹ دفاتر کی اپ گریڈیشن اور بائیو میٹرک شناخت سسٹم کی اپ گریڈیشن بھی بجٹ میں شامل ہے۔
اسلام آباد کے سیکٹر ایچ سکسٹین میں ماڈرن جیل کی تعمیر کیلئے 70 کروڑ مختص کیئےگئے ہیں۔ شہراقتدار میں ٹینتھ ایونیو کی تعمیر اور نئی میٹرو بس سروس کیلئے فزیبلٹی تیار کی جائے گی۔ نیو اسلام آباد ایئر پورٹ میٹرو بس سروس کی آپریشننل مینجمنٹ، سیوریج، سینیٹیشن اور واٹر ٹریٹمنٹ پراجیکٹ، اسلام آباد میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی اسکینگ اور سائبر کرائم ونگ کی اپ گریڈیشن بھی بجٹ کا حصہ ہے۔
