ہومبریکنگ نیوزپاکستان اور جرمنی کافلم، آرٹ اور ثقافت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر اتفاق

پاکستان اور جرمنی کافلم، آرٹ اور ثقافت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر اتفاق

اسلام آباد(شبیر حسین): پاکستان اور جرمنی نے فلم، آرٹ اور ثقافت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر اتفاق کیا ہے۔
جمعہ کو یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا کہ یہ معاہدہ پاکستان میں جرمنی کے سفیر الفریڈ گراناس کی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب سے ملاقات میں طے پایا۔
ملاقات کے دوران یونیورسٹی آف بابلز برگ اور یونیورسٹی آف ٹیلی ویژن اینڈ فلم میونخ کے ساتھ تعاون کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مریم اورنگزیب نے جرمن سفیر کو حکومت پاکستان کی فلم اینڈ کلچر پالیسی اور پالیسی کے تحت دی جانے والی مراعات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سکرین ٹورازم کے ذریعے پاکستان کی خوبصورتی، ثقافت اور تہذیب کو پوری دنیا کو دکھانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی فلم سازوں کو پاکستان میں فلم سازی کے لیے دی جانے والی خصوصی رعایتوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
وزیر نے پاکستانی طلباء کے لیے فلم، آرٹ اور ثقافت کی فنی تربیت کے لیے جرمن اداروں سے تعاون طلب کیا۔
انہوں نے کہا کہ جرمن اور پاکستانی نجی تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون سے فلم، فن اور ثقافت کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ وفاقی وزیر نے پاکستان میں جرمن این جی اوز GIZ اور Hans Seidel Foundation کی خدمات کو سراہا۔
انہوں نے پاکستان میں سیلاب زدگان کے لیے جرمنی کی جانب سے 18.4 ملین یورو کی امداد پر بھی شکریہ ادا کیا۔
وزیر نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی پر بین الاقوامی کانفرنس میں جرمنی کی جانب سے 84 ملین یورو کی امداد فراہم کرنے کا وعدہ پاکستان کے ساتھ جرمنی کی دوستی کا ایک اور ثبوت ہے۔
وزیر نے کہا کہ دوطرفہ تجارت کا حجم 4 ارب ڈالر ہے جسے بڑھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اور گوئٹے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ اثاثہ تھے۔
برلن میں اقبال گوئٹے آرٹ اینڈ کلچر سینٹر کے قیام سے دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے قریب آئیں گے۔
انہوں نے پاکستان کی صورتحال کو بامقصد اور غیر جانبدارانہ انداز میں رپورٹ کرنے پر جرمن میڈیا کو سراہا جو کہ قابل تعریف ہے۔
وفاقی وزیر نے جرمن سفیر کو بتایا کہ جرمن جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے ایک وفد کا آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ متوقع ہے۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جرمن سفیر نے فلم اور ثقافت کے فروغ کے لیے وزیر اطلاعات کی کوششوں کو سراہا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔