اسلام آباد،وزارت داخلہ سے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کے تحت تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دے دیا۔ وزارت داخلہ کی طرف سے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پنجاب حکومت نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی)پر پابندی کی سفارش کی تھی جس کی سمری وزیراعظم کو ارسال کی گئی تھی۔ تحریک لبیک پر پابندی کیلئے وفاقی کابینہ سے منظوری سرکولیشن سمری کے ذریعے لے کر انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت اس پر پابندی عائد کرنے کی منظوری دی گئی۔ذرائع کا بتانا ہے کہ سمری کی منظوری کے بعد تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کے ڈیکلیئریشن پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت پابندی کا ڈیکلیئریشن سپریم کورٹ پیش کرے گی۔سپریم کورٹ کے فیصلے پر الیکشن کمیشن تحریک لبیک پاکستان کو ڈی نوٹیفائی کرے گا۔

