اسلام آباد(سب نیوز)سابق وزیر اعظم عمران خان کی 6 اپریل کواسلام آباد ہائیکورٹ پیشی ،رجسٹرار نے سرکلر جاری کر دیا، ضلعی انتظامیہ کو سکیورٹی انتظامات کی ہدایت کردی گئی ۔
سابق وزیراعظم عمران خان کی جمعرات کو اسلام آباد ہائیکورٹ پیشی کیلئے رجسٹرار ہائیکورٹ نے سرکلر جاری کر دیا۔
سرکلر میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے ساتھ 15 وکلاءکو کمرہ عدالت جانے کی اجازت ہوگی۔ اٹارنی جنرل اور ایڈوکیٹ جنرل آفس سے 10 وکلاءکمرہ عدالت جاسکیں گے۔ اس کے علاوہ اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے 30 ممبران کو کمرہ عدالت جانے کی اجازت دی جائیگی۔
سرکلر کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے افسران ، عملے اور ملازمین کو پاسز سے استثنیٰ حاصل ہوگا ۔ خصوصی پاسز رکھنے والے افراد کو ہی کمرہ عدالت نمبر ایک میں جانے کی اجازت ہوگی۔ سابق وزیراعظم عمران خان کی 8 مقدمات میں درخواست ضمانت پر سماعت 6 اپریل کو دن ڈھائی بجے ہوگی۔
