کراچی، اداکارہ صبا قمر کے آسٹریلوی بلاگر عظیم خان سے شادی کے فیصلے سے انکار کرنے پر فنکاروں نے ردعمل دیتے ہوئے اداکارہ کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے۔
صبا قمر نے گزشتہ روز اچانک اپنے منگیتر بلاگر عظیم خان کے ساتھ شادی کے فیصلے کو منسوخ کردیا تھا۔ انہوں نے شادی سے انکار کی کوئی وجہ تو نہیں بتائی تھی صرف اتنا کہا تھا اب ہم شادی نہیں کررہے اور لوگوں سے درخواست کی تھی کہ وہ اس فیصلے میں ان کا ساتھ دیں۔صبا قمر کے اس فیصلے کے بعد پاکستان شوبز انڈسٹری کے فنکاروں نے ان کے فیصلے کو سراہتے ہوئے انہیں ایک مضبوط خاتون قرار دیا ہے۔ یاسر حسین نے انسٹااسٹوری شیئر کرتے ہوئے لکھا جتنی مضبوط صباقمر ہے وہ اتنے ہی مضبوط مرد کی مستحق ہے اور یاد رکھنا مرد داڑھی مونچھ سے نہیں بلکہ اپنی سچائی اور ایمانداری سے مرد بنتا ہے۔ انہوں نے صبا قمر کو مضبوط رہنے کی تلقین بھی کی۔اداکارہ ماہرہ خان، آئمہ بیگ، بلال عباس خان نے بھی صبا قمر کے فیصلے کو سراہا اور ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اداکارہ رابعہ بٹ نے لکھا جب ماں کی دعائیں ساتھ ہوں تو پھر ایسے ہی ہوتا ہے جتنی بھی آنکھیں بند ہوں، دماغ میں دھند چھائی ہوئی ہو خدا راستہ بدل دیتا ہے دل بدل دیتا ہے۔ شادی زندگی کا ایک بہت بڑ افیصلہ ہوتا ہے کیونکہ یہ صرف آپ کی نہیں آپ کی آنے والی پوری نسل کو متاثر کرتا ہے۔رابعہ بٹ نے مزید لکھا جتنا میں آپ کو جانتی ہوں آپ ایک خوبصورت دل کی مالک ہیں صبا اور خوبصورت دلوں میں رب بستا ہے اور جہاں وہ خود بستا ہے اس جگہ کی ذمہ داری وہ خود اٹھاتا ہے۔ مسکرائیے کیونکہ اگر وہ نہیں ہوا جو آپ چاہتی تھیں تو پھر وہ ہوا جوکہ وہ آپ کا اور ہمارا رب چاہتا ہے۔