اسلام آباد(سب نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام پچھلے چند ماہ سے ایک تماشا دیکھ رہی ہے، ایک بزدل، فارن ایجنٹ، توشہ خانہ چور، گھڑی چور، ٹیرین کا والد، توہین عدالت کا مجرم پولیس سے بھاگ رہا ہے،یہ شخص تاثر دینے کی کوشش کر رہا ہے کہ میں معذور اور بزرگ ہوں، میری ٹانگ پر پلستر اور میری جان کو خطرہ ہے، یہ شخص شام کو جھنڈوں کے ساتھ بیٹھ کر جھوٹ بولتا ہے اور کہتا ہے کہ میں تحریک کے لئے تیار ہوں اور میں عدالت جانے کے لئے بیمار ہوں، یہ وہ منافق بزدل جھوٹا شخص ہے جو پاکستان میں خانہ جنگی اور سول وار چاہتا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ شخص پاکستان کے اندر افراتفری چاہتا ہے، یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہا ہے کہ حکومت اسے گرفتار کر رہی ہے، عدالت نے پولیس کو عمران خان کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کئے کہ عمران خان کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے، عمران خان کو پتہ ہونا چاہئے کہ جو ڈر گیا، وہ مر گیا، عمران خان کی سیاسی موت ہو چکی ہے، وہ شخص لیڈر نہیں ہوتا جو عورتوں اور بچوں کو ڈھال بنا کر بنکر میں چھپ کر بیٹھا ہوا، مریم اورنگزیب نے کہا کہ دو جھنڈوں کے درمیان بیٹھ کر یہ تاثر دے رہا ہے کہ حکومت اسے گرفتار کر رہی ہے، میڈیا کو عمران خان کی گرفتاری کا وارنٹ لوگوں کو بتانا چاہئے، عدالتی احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے 65 پولیس افسران زخمی ہو چکے ہیں، گلگت بلتستان کی فورس کو استعمال کر کے پنجاب پولیس کے اہلکاروں کے سر پھاڑے جا رہے ہیں، پولیس کے پاس کوئی اسلحہ نہیں ہے، پولیس عدالتی احکامات پر ایک مجرم کو گرفتار کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنے آپ کو بہادر خان کہنے والا شخص آج چارپائی کے نیچے چھپ کر بیٹھا ہے، انہوں نے تو امریکہ سے مقابلہ کرنا تھا، واضح کرنا چاہتی ہوں کہ عمران خان مجرم ہے، اسے عدالت نے طلب کر رکھا ہے، عدالت اگر اس شخص کو آئین شکنی پر گرفتار کرتی تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا جب اس نے تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کے لئے قومی اسمبلی تحلیل کی، عدالت اس کو 25 مئی کو گرفتار کرنے کا حکم دیتی جس دن اس نے ملک میں افراتفری مچائی اور لاشیں گرائیں، مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ عدالت اس دن گرفتاری کا حکم دیتی جب ان کے عہدیدار کے گھر کی چھت سے پولیس والے کو گولی لگی، عدالت اسے اس وقت گرفتار کرتی جب یہ شخص عدالت پر جتھے کے ساتھ حملہ آور ہوا، پی ٹی آئی کوئی سیاسی جماعت نہیں، یہ دہشت گردوں کا ٹولہ ہے، میڈیا کو بھی چاہئے کہ اس میراتھن کے اصل حقائق عوام کو بتائے، اس وقت تک 65 پولیس اور رینجرز کے اہلکار زخمی ہو کر ہسپتال میں داخل ہیں، پولیس عدالت کے کہنے پر کارروائی کر رہی ہے اور انہیں مارا جا رہا ہے۔
عمران خان کی سیاسی موت ہو چکی ، پی ٹی آئی دہشت گردوں کا ٹولہ ہے، مریم اورنگزیب
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
