ترکیہ اور شام میں زلزلے سے 600 سے زائد افراد جاں بحق جب کہ سیکڑوں زخمی ہوگئے ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق پیر کی صبح ترکیہ کے مشرقی علاقے میں زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 4 بج کر 17 منٹ پر آیا۔
امریکی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.8 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز ترکیہ کا سرحدی شہر کرامن مراس تھا اور اس کی گہرائی تقریبا 14 کلومیٹر تھی۔
زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ اس کے اثرات لبنان، اسرائیل، قبرص، یونان اور آرمینیا میں بھی محسوس کئے گئے لیکن سب سے زیادہ جانی اور مالی نقصان ترکیہ اور شام میں ہوا ہے۔
ترکیہ کی ڈیزاسٹر مینیجمنٹ ایجنسی نے ملک کے 7 صوبوں میں عمارتیں گرنے کے واقعات میں 76 افراد کی ہلاکت اور 440 کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے، اس کے علاوہ عمارتوں کے ملبے میں بھی سیکڑوں افراد دبے ہوئے ، جنہیں نکالنے کے لئے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
شام کی وزارت صحت کے مطابق صوبہ الیپو، لطاکیہ، حما اور ترتس میں اب تک 237 افراد ہلاک جب کہ 639 زخمی ہیں۔
دوسری جانب متاثرہ علاقے میں آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری ہے، جن میں سے ایک کی شدت تو 6.7 بھی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ترکیہ اور شام میں زلزلے میں 600 سے زائد افراد جاں بحق
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
