Friday, September 20, 2024
ہومپاکستانالیکشن کمیشن نے وزیراعظم کیخلاف پیپلز پارٹی کی درخواست مسترد کردی

الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کیخلاف پیپلز پارٹی کی درخواست مسترد کردی

اسلام آباد،الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ الیکشن سے قبل وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ارکان اسمبلی کو فنڈز کے اجرا کیخلاف پیپلز پارٹی کی درخواست مسترد کردی۔الیکشن کمیشن میں سینیٹ انتخابات سے قبل خواتین اراکین اسمبلی کو فنڈز کے اجرا پر وزیراعظم کیخلاف پیپلز پارٹی کی درخواست کی سماعت ہوئی۔الیکشن کمیشن ممبر کے پی ارشاد قیصر کی سر براہی میں تین رکنی کمیشن نے سماعت کی۔ درخواست گزار پیپلزپارٹی کے رہنما سید نیر حسین بخاری الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔نیر حسین بخاری نے کہا کہ سینیٹ الیکشن سے قبل ارکان اسمبلی کو فنڈز کی صورت میں رشوت دی گئی اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی گئی، وزیراعظم کا ارکان کو فنڈز دینے کا اعلان رشوت دینے کے زمرے میں آتا ہے، انہوں نے آرٹیکل 181 کی خلاف ورزی کی جس پر سزا دی جاسکتی ہے، ان کی جانب سے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی الیکشن کمیشن کی توہین کے مترادف ہے، جس پر الیکشن کمیشن تین سال سزا اور ایک لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کرسکتا ہے، وزیر اعظم کے اعلان پر الیکشن کمیشن ازخود نوٹس لینے کا اختیار رکھتا ہے۔الیکشن کمیشن نے سماعت کے بعد نیر حسین بخاری کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی۔واضح رہے کہ پیپلزپارٹی نے سینیٹ انتخابات سے قبل خواتین اراکین اسمبلی کو فنڈز دینے کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔