اسلام آباد،مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کیخلاف ایل این جی ریفرنس پر سماعت ایک مرتبہ پھر وکلا کی ہڑتال کے باعث ملتوی کردی گئی۔ احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد سے سینیٹ کی نشست پر یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کا دعوی کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم امیدوار کی کامیابی سے پاکستان کی سیاست کو نیا رخ ملے گا۔ کل بھی سینیٹ الیکشن ماضی کے طریقہ کار کے مطابق ہی ہونگے۔ایل این جی ریفرنس پر سماعت احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد اعظم خان نے کی۔ ریفرنس کے مرکزی ملزم سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔ جہاں انہیں حاضری کے بعد جانے کی اجازت دے دی گئی جبکہ وکلا کی ہڑتال کے باعث کیس کی سماعت نو مارچ تک ملتوی کردی گئی۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ قانون کے مطابق مقدمہ ایک ماہ میں مکمل ہوجانا چاہیئے مگر ڈھائی سال کا عرصہ گزر جانے کے باوجود مقدمہ وہیں پر ہے۔شاہد خاقان نے کہا کہ اسلام آباد سے سینیٹ کی نشست پر یوسف رضا گیلانی کی جیت کیلئے پر امید ہیں۔ اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار کی کامیابی سے پاکستانی سیاست کو نیا رخ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈسکہ میں اغوا ہونیوالے بیس پریذائیڈنگ آفیسر کے اغواکاروں کا آج تک نہیں پتا چل سکا جہاں حکومت خود ووٹ چوری کرنے میں ملوث ہو وہاں انصاف کی کیا توقع کریں گے۔سینیٹ انتخابات پر سپریم کورٹ کی رائے کا خیر مقدم کرتے ہوئے لیگی رہنما نے کہا کہ خفیہ رائے شماری کو برقرار رکھتے ہوئے سپریم کورٹ نے سینیٹ الیکشن میں شفافیت برقرار رکھنے پر زور دیا ہے۔ عدالتی رائے کے بعد الیکشن کمیشن کا مضبوط کردار سامنے آنا چاہیئے۔
سینیٹ کی نشست پر یوسف رضا گیلانی کی جیت کیلئے پر امید ہیں،شاہد خاقان
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔