اسلام آباد(آئی پی ایس )سی ڈی اے مزدور یونین چوہدری محمد یٰسین گروپ کے زیر اہتمام ریفرنڈم کے سلسلے میں تقریبات مینٹی نینس انکوائری جی سیون ٹو اور پارلیمنٹ ہائوس ڈائریکٹوریٹ میں منعقد ہوئیں ،اس موقع پر مینٹی نینس انکوائری جی سیون ٹو سے ریاض خان اور چوہدری سرفراز کی کاوشوں سے شیخ امان اللہ سپروائزر،پارلیمنٹ ہائوس ڈائریکٹوریٹ سے راجہ نصیر اور سجاد حسین صادق اور انکے دیگر ساتھیوں نے لیبر یونین امان اللہ گروپ کو چھوڑ کر مزدور یونین چوہدری محمد یٰسین گروپ میں شمولیت کا اعلان کیا ،ان تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے مزدور یونین کے قائد چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ ملازمین کے خلاف میر جعفر اور میر صادق کا کرداراداکرنے والے انتظامیہ کے ایجنٹ آج ریفرنڈم کے میدان میں آنے سے گھبرارہے ہیں کیونکہ آج ان کے احتساب اور ملازمین کے محاسبے کا وقت ہے ،سی ڈی اے محنت کش ریفرنڈم میں ہرتنظیم کی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنا ووٹ دیں ،مزدور یونین ملازمین کی زندگیوں میں خوشحالی لانا چاہتی ہے تاکہ ان کے بچوں کا مستقبل محفوظ ہو سکے اور محنت کش جو آج معاشی بدحالی کاشکار ہے ایک بار پھر ماضی کی طرح ترقی کی طرف گامزن ہو ،مزدور یونین اپنے ادارے اور اس کے محنت کش کو دیگر اداروں کے سامنے مثال بنانا چاہتی ہے اور آج بھی جو مراعات سی ڈی اے کے محنت کش کو مل رہی ہیں وہ پاکستان کے دیگر اداروں کو نہیں مل رہیں اور دیگر اداروں کے ملازمین آج بھی ہمیں رشک کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ،مزدور یونین کی گیارہ سالہ جدوجہد سے حاصل ہونے والے ثمرات کو نا اہل ٹولے نے کافی نقصان پہنچایا اور ملازمین کو انکے جائز حقوق اور مراعات سے بھی محروم کر دیا گیا لیکن انشاء اللہ سی ڈی اے مزدور یونین ریفرنڈم میں کامیابی کے بعد ایک بارپھر سی ڈی اے کے محنت کش اور ادارے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی ۔
ملازمین کی زندگیوں میں خوشحالی لانا چاہتے ہیں،چوہدری یٰسین
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔