پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیرصدارت پنجاب کی پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی کے 176 میں سے 150 ارکان نے اجلاس میں شرکت کی اور اجلاس سے 26 ارکان غیر حاضر ر ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی نے پرویز الٰہی کی کارکردگی پر سوال اٹھادیا اور شکوہ کیا کہ صرف ق لیگ کے ایم پی ایز کے کام ہو رہے ہیں، ہمیں نظرانداز کیا جا رہا ہے۔
پی ٹی آئی پنجاب کی قیادت کا کہنا تھاکہ پرویزالٰہی مرضی کی پوسٹنگ اور ٹرانسفر کر رہے ہیں، ہمیں آن بورڈ نہیں لیاجارہا۔
ذرائع کے مطابق ارکان کے شکوے پر عمران خان کا کہنا تھاکہ میں نے میاں اسلم کو سینیئر وزیربنا دیا ہے، تحفظات انہیں بتادیں وہ ٹھیک کردیں گے۔
پی ٹی آئی ارکان کا کہنا ہے کہ پنجاب کا حال بزدار دور سے بھی بدتر ہوتا جارہا ہے، یہی حال رہا تو الیکشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ارکان نے الزام لگایا کہ پنجاب حکومت پرویز الٰہی کی جگہ مونس الٰہی چلارہے ہیں۔
خیال رہے کہ پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کے اتحادی حکومت ہے اور پاکستان تحریک انصاف کی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس گزشتہ روز اسلام آباد میں ہوا تھا۔
