چلاس(آئی پی ایس) دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ میں تعمیراتی پیشرفت سے متعلق واپڈا، کنسلٹنٹس گروپ کے بورڈ آف مینجمنٹ کے ممبران،کنٹریکٹرز (پاؤر چائینہ ،ایف ڈبلیو او) کا مشترکہ اجلاس کنسلٹنٹس آفس میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں مین ڈیم پر جاری تعمیراتی پیشرفت، تانگیر ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، سیکیورٹی، مواصلات اور لینڈ ایکوزیشن سمیت دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔ اجلاس میں کنٹریکٹرز کے سینئر عہدیداروں اور انجنیئرز نے تعمیراتی سرگرمیوں اور دیگر امور پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر دیامربھاشاڈیم کمپنی عامربشیر چودھری، کنسلٹنٹس گروپ بورڈ آف مینجمنٹ کے چیئرمین مائیکل فرانسس راجرز، بورڈ کے ممبران، واپڈا کے چیف انجینئرز، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کے سینئر عہدیداروں اور انجینئرز نے شرکت کی۔
اس سے قبل جمعہ 16 ستمبر کو دیامر بھاشا کنسلٹنٹس گروپ کے بورڈ آف مینجمنٹ کے ممبران نے دیامربھاشا ڈیم سائٹ کا دورہ کیا۔ کنسلٹنٹس گروپ کے بورڈ ممبران نے مین ڈیم کے مختلف سائٹس ڈائی ورژن کینال، ٹنلز ،ان لیٹ و آوٹ لیٹ، لیب ،لیفٹ اور رائٹ ایبٹمنٹس پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ دیامر بھاشا کنسلٹنٹس گروپ کے بورڈ ممبران نے تھور میں واپڈا کالونی کا بھی دورہ کیا۔ جہاں چیف ایگزیکٹو آفیسر دیامربھاشاڈیم کمپنی عامربشیر چودھری اور دیگر واپڈا حکام نے وفد کو کالونی کے بارے میں آگاہ کیا۔
